پی سی بی نے پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے کی کوششیں تیز کردیں

ویب ڈیسک  منگل 23 اگست 2016
پی ایس ایل کا لاہور میں فائنل کھیلنے کے لئے رضا مند کھلاڑیوں کی ایک الگ فہرست بنائی جائے گی،نجم سیٹھی فوٹو:فائل

پی ایس ایل کا لاہور میں فائنل کھیلنے کے لئے رضا مند کھلاڑیوں کی ایک الگ فہرست بنائی جائے گی،نجم سیٹھی فوٹو:فائل

 لاہور: کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کا فائنل میچ لاہور میں کرانے کی کوشش تیز کرتے ہوئے اس حوالے سے پنجاب حکومت کو آگاہ کردیا۔

پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ اور چیئرمین پاکستان سپر لیگ نجم سیٹھی کا کھیلوں کی ویب سائٹ ‘کرک انفو’ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا فائنل میچ لاہور میں کرانے کے لئے تمام تر تیاریاں کر رہے ہیں اور اس حوالے سے پنجاب حکومت سے بھی بات ہوگئی ہے، پی ایس ایل میں شرکت کے لئے غیرملکی کھلاڑیوں کی فہرست مرتب کی جارہی ہے اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو 2 حصوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ لاہور میں فائنل کھیلنے کے لئے رضا مند کھلاڑیوں کی ایک الگ فہرست ہوگی جس میں فرنچائز پر زور دیا جائے گا کہ وہ ان کھلاڑیوں کا انتخاب کریں جو فائنل پاکستان میں کھیلنے پر رضا مند ہیں۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ غیرملکی  کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کے لئے پی سی بی کے پاس 4 بلٹ پروف بسیں ہیں جب کہ پنجاب حکومت کی جانب سے بھی فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، اس سے قبل زمبابوے کے کامیاب دورے کے موقع پر بھی پنجاب حکومت کی جانب سے قابل اطمینان اقدامات کئے گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر لاہور میں پی ایس ایل کا کامیاب فائنل کرا دیا گیا تو عالمی دنیا کو واضح پیغام جائے گا کہ کم از کم محدود اوورز کے ٹورنامنٹ کے لئے پاکستان کے پاس سیکیورٹی کے اعتبار سے  موزوں گراؤنڈ موجود ہے۔

دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز آل راؤنڈر آندرے رسلز پہلے غیرملکی کھلاڑی ہیں جنہوں نے پاکستان میں کھیلنے کی حامی بھری ہے جب کہ آسٹریلیا کے شین واٹسن اور ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سیمی نے لاہور میں کھیلنے کو سیکیورٹی کلئیرنس سے مشروط کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔