فلپائن میں کروڑوں ڈالر کا "سچا موتی" مچھیرے کے ہاتھ لگ گیا

ویب ڈیسک  بدھ 24 اگست 2016
مچھیرے کو موتی 10 سال قبل ملا جس سے وہ ناواقف تھا اور اس نے اسے پلنگ کے نیچے رکھ دیا۔ فوٹو: ڈیلی میل

مچھیرے کو موتی 10 سال قبل ملا جس سے وہ ناواقف تھا اور اس نے اسے پلنگ کے نیچے رکھ دیا۔ فوٹو: ڈیلی میل

فلپائن: فلپائن میں 10 سال قبل ایک مچھیرے کو سمندر سے کئی کلو وزنی پتھر نما شے ملی جسے اس نے خوشبختی کے لیے اپنے پلنگ کے نیچے رکھ دیا لیکن 10 سال بعد معلوم ہوا کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا سچا موتی (پرل) ہے۔

34 کلوگرام وزنی موتی کی لمبائی 2 فٹ ہے اور اس کی قیمت 10 کروڑ ڈالر سے زائد ہے لیکن غریب مچھیرے نے اس کی خوبصورتی کی بنیاد پر اسے اپنے پلنگ کے نیچے اس لیے رکھا تھا کہ اس سے قسمت اچھی ہوتی ہے۔ اب تک یہ دنیا کا سب سے بڑا اور وزنی موتی ہے جو اب تک پائے جانے والے موتی سے 5 گنا بڑا ہے۔

مچھیرے کو یہ موتی فلپائن کے جزیرے پلوان سے ملا تھا جو اس کی جھونپڑی میں ایک عرصےتک پڑا رہا۔ لیکن چھونپڑی کے مالک نے مچھیرے کو گھر چھوڑنے کا کہا تو ماہی گیر نے اسے ایک سیاحتی افسر کو دکھایا تو معلوم ہوا کہ پراسرار پتھر ایک بہت بڑا موتی ہے۔

سیاحتی افسر ایلین نے بتایا کہ ایک رات سمندر بہت خراب اور طوفانی تھا کہ مچھیرے کے لنگر میں پھنس کر یہ پتھر اوپر آگیا، مچھیرا اس سے ناواقف تھا اور اسے اچھے شگون کے لیے اپنے ساتھ گھر میں لے آیا۔ ابتدائی اندازے کے بعد اسے جوہری اور معدنیات کے ماہرین کے پاس پھیجا گیا ہے اور وہ اس کی درست قیمت کا اندازہ لگائیں گے۔ علاقے کے لوگ چاہتے ہیں کہ یہ موتی اسی جگہ رہے تاکہ دنیا کےدیگر لوگ اسے آکر دیکھ سکیں جب کہ مچھیرے کو مناسب معاوضہ ادا کیا جائے۔

واضح رہے کہ عین اسی مقام سے 1934 سے ایک موتی برآمد ہوا تھا جسے ’ خدا کا موتی‘ کا نام دیا گیا تھا اور اس کا وزن ساڑھے 6 کلوگرام اور قیمت 35 لاکھ ڈالر تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔