پہلے ون ڈے میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی

ویب ڈیسک  بدھ 24 اگست 2016
پاکستان کی جانب سے اظہر علی 82 ، سرفراز احمد 55 اور بابر اعظم نے 40 رنز بنائے۔  - فوٹو: پی اے

پاکستان کی جانب سے اظہر علی 82 ، سرفراز احمد 55 اور بابر اعظم نے 40 رنز بنائے۔ - فوٹو: پی اے

ساؤتھمپٹن:  انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میں ڈک ورتھ لیوس کے تحت 44 رنز سے ہرادیا۔

ساؤتھمپٹن میں کھیلےگئے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو میچ جیتنے کے لیے 261 رنز کا ہدف دیا  جس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر34.3 اوورز میں 193 رنزبنائے تاہم بارش کے باعث میچ روک دیا گیا، انگلینڈ کی ٹیم نے جب دوبارہ اپنی اننگز کا آغاز کیا تو میچ کو 48 اوورز تک محدود کرکے انگلینڈ کا ہدف 252 رنز کردیا گیا جس کے بعد انگلینڈ کو میچ جیتنے کے لیے 14اوورزمیں59رنز درکار تھے لیکن مسلسل بارش کے باعث میچ ایک بار پھر روکنا پڑا اور انگلینڈ کی ٹیم نے ڈک ورتھ لیوس کے تحت پاکستان کو 44 رنز سے ہرادیا۔

انگلینڈ کی جانب سے جیسن روئے نے 65 اور جائے روٹ نے 61 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ پاکستان کی جانب سے عمر گل اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان اظہرعلی نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم قومی ٹیم بڑا ٹارگٹ دینے میں ناکام رہی اور مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 260 رنز بنائے جس کے جواب میں انگلینڈ کی جانب سے جیسن روئے اور الیکس ہیلز نے اننگز کا آغاز کیا تو عمر گل نے پانچویں ہی اوور میں ہیلز کو 7 رنز پر پویلین بھیج دیا تاہم  جیسن روئے نے جوئے روٹ کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 89 رنز کی شراکت داری قائم کی اس دوران جیسن روئے نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور وہ 65 رنز پر محمد نواز کا نشانہ بنے۔

اظہر علی اور شرجیل خان نے اننگز کا آغا زکیا تو آئرلینڈ کے خلاف 152 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے والے شرجیل خان صرف 16 رنز ہی بناسکے جب کہ آوٹ آف فارم محمد حفیظ بھی 11 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان اظہرعلی نے بابر اعظم کے ہمراہ تیسری وکٹ کے لیے 61 رنز کی شراکت داری قائم کی لیکن بابر اعظم 40 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے، اس دوران اظہر علی نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور وہ 82 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ وکٹ کیپیر بیٹسمین سرفراز احمد نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں شیعب ملک، عماد وسیم اور محمد نواز 17 رنز بناسکے۔

انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے2 جب کہ کرس ووکس، مارک ووڈ، لیام پلنکٹ اور جوئے روٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔