میانمار میں 6.8 شدت کا زلزلہ، بھاری جانی و مالی نقصان کا خدشہ

ویب ڈیسک  بدھ 24 اگست 2016
زلزلے کی گہرائی 84 کلومیٹر تھی، امریکی جیولوجیکل سروے فوٹو: فائل

زلزلے کی گہرائی 84 کلومیٹر تھی، امریکی جیولوجیکل سروے فوٹو: فائل

بنکاک: میانمار کے وسطی علاقے میں 6.8 شدت کا زلزلہ آیا ہے جس میں بھاری جانی و مالی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ 

امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق برما کے وسطی علاقے میں آنے والے زلزلے کی گہرائی 84 کلومیٹر تھی جبکہ اس کا مرکز ’’چوک‘‘ سے 25 کلومیٹر دور، اس علاقے میں ہے جہاں قدیم شہر ’’باگان‘‘ ہوا کرتا تھا۔ میانمار کی حکومت نے زلزلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔

زلزلے اس قدر شدید تھا کہ اس کے جھٹکے سیکڑوں کلومیٹر دور تھائی لینڈ، بنگلا دیش  اور بھارتی ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکتہ تک  محسوس کئے گئے ۔ کولکتہ میں آفٹر شاکس کے پیش نظر زیر زمین ریلوے سروس معطل کردی گئی جب کہ بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کے مضافات میں واقع صنعتی علاقے ’’ساوار‘‘ میں زیر تعمیر عمارت کا سامان گرنے سے 20 مزدور زخمی ہوگئے۔

واضح رہے کہ میانمار سے قبل اٹلی میں بھی شدید نوعیت کا زلزلہ آیا تھا جس میں  اب تک سرکاری طور پر 38 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔