آئل سیکٹر میں خریداری سے حصص مارکیٹ مندی سے نکل آئی

بزنس رپورٹر  جمعرات 25 اگست 2016
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس106.39 پوائنٹس کے اضافے سے 39506.58 ہوگیا فوٹو : اے ایف پی

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس106.39 پوائنٹس کے اضافے سے 39506.58 ہوگیا فوٹو : اے ایف پی

 کراچی:  خام تیل کی عالمی قیمتیں بڑھنے سے پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو اتار چڑھاؤ کے بعد ایک بارپھر تیزی رونما ہوئی جس سے 39500 پوائنٹس کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی۔

57.17 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں بھی 32 ارب77 کروڑ94 لاکھ98 ہزار821 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ کراچی میں میئرشپ کے انتخابات کی وجہ سے سرمایہ کاروں میں امن وامان کے حوالے سے تحفظات، اوجی ڈی سی ایل کے مالیاتی نتائج توقعات سے کم ہونے اور رول اوور ویک کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں بھی کم رہیں جبکہ سرمایہ کاروں نے بھی انتہائی محتاط انداز میں خریداری معاہدے کیے، کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر 37.94 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی لیکن اس دوران آئل اسٹاکس میں نچلی قیمتوں پر خریداری سرگرمیوں کے علاوہ انڈیکس کے دیگر آئٹموں میں سرمایہ کاری کے باعث مندی تیزی میں تبدیل ہوگئی۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس106.39 پوائنٹس کے اضافے سے 39506.58 ہوگیا، کے ایس ای30 انڈیکس16.31 پوائنٹس بڑھ کر 22549.24، کے ایم آئی30 انڈیکس93.71 پوائنٹس کی تیزی سے 68727.66 اور کے ایم آئی آل شیئر انڈیکس 32.60 پوائنٹس بلند ہو کر 18492.89 ہوگیا، کاروباری حجم منگل کی نسبت 19.16 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر14 کروڑ4 لاکھ46 ہزار690 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار390 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 223 کے بھاؤ میں اضافہ، 142 کے داموں میں کمی اور25 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔