دودھ سے بنی پیکنگ جسے کھا بھی سکتے ہیں

ویب ڈیسک  ہفتہ 27 اگست 2016
ماہرین نے دودھ کی مدد سے ایسی پیکنگ تیار کرلی ہے جو خود بخود تحلیل ہوجاتی ہے اور آپ چاہیں تو اسے کھا بھی سکتے ہیں۔ فوٹو؛ فائل

ماہرین نے دودھ کی مدد سے ایسی پیکنگ تیار کرلی ہے جو خود بخود تحلیل ہوجاتی ہے اور آپ چاہیں تو اسے کھا بھی سکتے ہیں۔ فوٹو؛ فائل

واشنگٹن: امریکی محکمہ زراعت کے ماہرین نے غذائی مصنوعات کے لیے دودھ کی مدد سے ایسی ماحول دوست پیکنگ تیار کرلی ہے جو وقت گزرنے پر خود بخود تحلیل ہوکر ختم ہوجاتی ہے اور اگر آپ چاہیں تو اسے کھا بھی سکتے ہیں۔

دودھ سے پلاسٹک کی تیاری کوئی نئی بات نہیں بلکہ اس طرح کے تجربات پچھلے کئی برسوں سے اسکول کے بچوں میں کیمسٹری سے دلچسپی پیدا کرنے کی غرض سے پیش کیے جاتے رہے ہیں۔ دودھ سے ماحول دوست پیکنگ کی تیاری میں بنیادی طور پر اسی بچگانہ تدبیر کو پختہ بناتے ہوئے مزید آگے بڑھایا گیا ہے۔

گزشتہ دنوں امریکن کیمیکل سوسائٹی کے سالانہ اجلاس میں اس اختراع کی تفصیلات پیش کی گئیں جن کے مطابق یہ پیکنگ بظاہر شفاف پلاسٹک سے مشابہت رکھتی ہے لیکن اس کی تیاری میں ’’کیسین‘‘ کہلانے والی پروٹین استعمال کی گئی ہے جو دودھ میں بکثرت ہوتی ہے۔ پیکنگ کو پائیدار اور زیادہ درجہ حرارت برداشت کرنے کے قابل بنانے کے لیے اس میں کیسین کے علاوہ رس دار پھلوں میں پائے جانے والے کچھ مرکبات بھی شامل کیے گئے۔

تجربہ گاہ میں انجام دی گئی مختلف آزمائشوں سے معلوم ہوا کہ یہ پیکنگ اپنے اندر بند چیزوں کو ہوا میں موجود مختلف گیسوں بالخصوص آکسیجن سے عام پلاسٹک کے مقابلے میں 500 گنا زیادہ مؤثر طور پر محفوظ رکھتی ہے۔ ہوا کی آکسیجن، کھانے پینے کی اشیاء سے کیمیائی عمل کرکے انہیں گلانے سڑانے کا باعث بنتی ہے۔ یہ پیکنگ ایسی ہے کہ اسے کھایا بھی جاسکتا ہے اور ضرورت پڑنے پر گرم پانی میں حل کرکے پیا بھی جاسکتا ہے۔

شفاف پلاسٹک جیسی شکل کے علاوہ اس پیکنگ کو اسپرے کی شکل میں بھی تیار کیا جارہا ہے جسے کھانے پینے کی چیزوں پر براہِ راست چھڑک کر انہیں خراب ہونے سے محفوظ کیا جاسکے گا۔ اس منصوبے کی نگراں خاتون کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ پیکنگ بے ذائقہ ہے لیکن مستقبل میں اسے ذائقے دار بنانے کے علاوہ وٹامن اور دوسرے غذائی اجزاء سے بھرپور بنایا جائے گا تاکہ اسے بھی ذوق و شوق سے کھایا جاسکے۔

سرِدست اس پیکنگ کا پہلا پروٹوٹائپ تیار کرلیا گیا ہے جس کی محدود پیداوار ٹیکساس کی ایک نجی کمپنی کےلئی دی جارہی ہے۔ توقع ہے کہ تمام آزمائشیں مکمل ہوجانے کے بعد یہ ماحول دوست اور ’’خوردنی پیکنگ‘‘ اگلے 3 سال تک فروخت کے لیے پیش کردی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔