لاہور میں سنگدل باپ نے دوسری بیوی کے کہنے پر بیٹے کو قتل کردیا

ویب ڈیسک  جمعرات 25 اگست 2016

 لاہور: سنگدل باپ نے جائیداد کے چکر میں دوسری بیوی کے کہنے پر بیٹے کو نہر میں پھینک دیا جس سے وہ ڈوب کر ہلاک ہوگیا جب کہ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور میں باپ نے بچے کو قتل کرکے اس کے اغوا کا ڈرامہ رچایا جس کا پولیس کی تفتیش میں ڈراپ سین ہوگیا۔ پولیس کے مطابق کچھ روز قبل لاہور کے رہائشی اسد نامی شخص نے شالیمار پولیس اسٹیشن میں اپنے 5 سالہ بیٹے احمد کی گمشدگی کی درخواست دی جس کے ایک ہفتے بعد بچے کی لاش قصور نہر سے ملی تاہم پولیس نے باپ کو شک کی بنیاد پر حراست میں لے کر تفتیش شروع کی جس پر اس نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔

پولیس کےمطابق ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ اس کی دوسری بیوی کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی جس پر جائیداد کا تنازعہ پیدا ہوگیا اور بیوی نے پہلے بیٹے سے جان چھڑانے کا مطالبہ کیا اور ملزم نے اس کے بہکاوے میں آکر بچے کو بی آر بی نہر میں پھینک دیا اور اغوا کا ڈراما رچانا چاہا جو بے نقاب ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہےکہ کیس کے مزید حقائق جاننے کے لیے ملزم کی دونوں بیویوں کو بھی حراست میں لے کر شامل تفتیش کرلیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔