دوسرا ون ڈے؛ انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی

ویب ڈیسک  ہفتہ 27 اگست 2016
بابر اعظم 30 اور شعیب ملک 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شرجیل خان اور اظہر علی کھاتا بھی نہ کھول سکے۔ فوٹو: گیٹی امیجز

بابر اعظم 30 اور شعیب ملک 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شرجیل خان اور اظہر علی کھاتا بھی نہ کھول سکے۔ فوٹو: گیٹی امیجز

لارڈز: پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ 

لندن کے لارڈز گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی پوری ٹیم 49 اعشاریہ 5 اوورز میں 251 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جس کے جواب میں انگلینڈ کی جانب سے جیسن روئے اور الیکس ہیلز نے اننگز کا آغاز تو محمدعامر نے دوسری ہی گیند پر جیسن روئے کو بولڈ کردیا جب کہ الیکس ہیلز 14 رنز پر عماد وسیم کا نشانہ بنے تاہم بعد میں آنے والے کھلاڑیوں میں جوائے روٹ اور این مورگن نے ٹیم کو سنبھالا اور اسکورکو آگے بڑھایا۔ جوائے روٹ نے 89 اور این مورگن نے 68 رنز بنائے اور آؤٹ ہوگئے جب کہ بعد میں آنے والے بیٹسمین بین اسٹوکس نے بھی زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا اور 42 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت انگلینڈ نے 251 رنز کا ہدف 47.3 اوورز میں 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے 2 جب کہ محمد عامر، حسن علی اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں پاکستان کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو سمیع اسلم کے ساتھ شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن سمیع اسلم دوسرے ہی اوور میں ایک رن اور شرجیل خان  تیسرے اوور میں اپنا کھاتا کھولے بغیر ہی بولڈ ہو گئے جب کہ کپتان اظہر علی بھی اسکور بورڈ کو زحمت دیے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔  3 کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم اور سرفراز احمد کے درمیان 64 رنز کی شراکت ہوئی  تاہم 66 کے مجموعی اسکور پر بابر اعظم 30 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جب کہ شعیب ملک بھی 28 رنز ہی بناسکے۔  سرفراز احمد اور عماد وسیم نے ذمہ داری کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا اور77 رنز کی قیمتی شراکت داری  قائم کی، اس دوران سرفراز احمد نے لارڈز میں سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز حاصل کیا وہ 105 رنز بنا کرعادل رشید کی گیند پرکیچ آؤٹ ہوئے۔ دیگر کھلاڑی بھی اچھی کارکردگی نہ دکھاسکے حسن علی بغیر کوئی کھاتہ کھولے واپس لوٹ گئے جب کہ وہاب ریاض 6 یاسر شاہ صفر اور محمد عامر 6 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے،عماد وسیم 63 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

میچ سے قبل اظہر علی کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لئے سازگار ہے اور گزشتہ میچ میں ہونے والی غلطیوں پر قابو پا کر سیریز برابر کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں، محمد حفیظ، محمد نواز اور عمر گل کی جگہ سمیع اسلم، یاسر شاہ اور حسن علی کو پلیئنگ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پہلے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 44 رنز سے شکست دے دی تھی۔ انگلینڈ کو 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے تاہم لارڈز میں پاکستان کو مجموعی طور پر برتری حاصل ہے، اور اب تک کھیلے گئے 7 میچز میں سے پاکستان نے 4 میں کامیابی حاصل کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔