ڈائریکٹر آپریشنز؛ اعلیٰ آفیشلزکے من پسند امیدوار میدان میں آگئے

سلیم خالق  ہفتہ 27 اگست 2016
ہارون رشید اور اقبال قاسم کے ساتھ ذاکرخان بھی عہدے کیلیے درخواست دے چکے  فوٹو: فائل

ہارون رشید اور اقبال قاسم کے ساتھ ذاکرخان بھی عہدے کیلیے درخواست دے چکے فوٹو: فائل

 کراچی:  پی سی بی ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز کا تقرر کیے بغیر ہی پوسٹ ختم کرنے کا سوچنے لگا، کئی اعلیٰ آفیشلز نے من پسند امیدواروں کو میدان میں اتار دیا، ایسے میں بہتر یہی سمجھا گیا کہ کسی کو بھی ذمہ داری نہ سونپی جائے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی بعض اعلیٰ شخصیات نے اپنے منظور نظر برطرف شدہ سابق چیف سلیکٹر ہارون رشیدکو بورڈ میں واپس لانے کیلیے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز کی پوسٹ تخلیق کی، اس ضمن میں اشتہار بھی انہی کو ذہن میں رکھ کر تیار کیا گیا، ہارون رشید کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شکست کے بعد انکوائری رپورٹ کے نتیجے میں برطرف کیا گیا تھا، بورڈ میں موجود دوسرے گروپ نے ایسے میں شطرنج کی اس بساط پر مہرہ بنا کر اقبال قاسم کو پیش کر دیا،یوں ہارون رشید کیلیے میدان صاف نہ رہا کیونکہ سابق اسپنر اپنے بے داغ ماضی کی وجہ سے میرٹ پر تو فیورٹ امیدوار تھے، صورتحال مزید دلچسپ اس وقت ہوئی جب غیرفعال ذاکر خان بھی میدان میں کود پڑے اور درخواست دے دی۔

ان کے بھی بعض ’’چاہنے والے‘‘ اعلیٰ نشستوں پر براجمان ہیں، یوں معاملہ گمبھیر ہو گیا،محاذ آرائی سے بچنے کیلیے بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ فی الحال کسی کو بھی ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز نہ بنایا جائے اور معاملات پہلے کی طرح چلنے دیے جائیں۔ یاد رہے کہ ذاکرخان کو فارغ ہوئے طویل عرصہ گذر چکا مگر بدستور ڈائریکٹر والی ہی تنخواہ سوا چار لاکھ روپے ماہانہ،گاڑی، پیٹرول، موبائل اور میڈیکل سمیت تمام سہولیات دی جا رہی ہیں، انھیں جونیئر ٹیم کا منیجر بنایا گیا تھا مگر شکایات آنے پر ذمہ داری سے سبکدوش کر دیا گیا، اس معاملے کی انکوائری رپورٹ بھی کافی عرصے سے چیئرمین کی ٹیبل پر رکھی گردآلود ہو چکی ہوگی مگر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔