مصباح کو پانچواں ٹیسٹ نہ ہونے کا غم ستانے لگا

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 27 اگست 2016
اگر 1 اورمیچ ہوتا توسیریز بھی جیت لیتے، حریف قائد سے بھی یہ بات کہی، کپتان قومی ٹیم. فوٹو: فائل

اگر 1 اورمیچ ہوتا توسیریز بھی جیت لیتے، حریف قائد سے بھی یہ بات کہی، کپتان قومی ٹیم. فوٹو: فائل

 لاہور:  مصباح الحق کو انگلینڈ کیخلاف پانچواں ٹیسٹ نہ ہونے کا غم ستانے لگا، ان کا کہنا ہے کہ اگر ایک اور میچ ہوجاتا تو سیریز بھی جیت لیتے،انگلش کپتان الیسٹر کک سے کہا کہ میزبان ٹیم کو کسی بھی میدان پر شکست دے سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مصباح الحق نے آسٹریلوی ویب سائٹ کیلیے کالم میں تحریر کیاکہ ٹیسٹ سیریز پانچ میچز پر مشتمل ہوتی تو مزید اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملتی، انگلش کپتان الیسٹر کک سے ازراہ مذاق کہاکہ فیصلہ کن میچ بھی کھیل لیتے ہیں، انھوں نے کہا کہ آپ یہ میچ لارڈز یا اوول میں کھیلنا چاہیں گے، اس پر میرا جواب تھا کہ ہم میزبان ٹیم کو اولڈ ٹریفورڈ اور ایجبسٹن سمیت کسی بھی میدان پر شکست دے سکتے ہیں، مصباح الحق نے کہا کہ اوول ٹیسٹ سے قبل یوم آزادی پر قوم کو فتح کا تحفہ دینے کیلیے کھلاڑیوں کا جوش بڑھایا،نمبر ون پوزیشن کا ہدف بھی تحریک دلانے کا ذریعہ بنا،انھوں نے کہا کہ گرین کیپس نے دبائو میں بہترین کارکردگی پیش کرنے کا ہنر سیکھ لیا جس کی وجہ سے ہم کئی بڑی ٹیموں کو زیر کرنے میں کامیاب ہوئے۔

البتہ یواے ای میں 2012میں اس وقت سرفہرست انگلینڈ کو کلین سویپ سب سے یادگار فتح تھی،اس کامیابی سے کھلاڑیوں کا اپنی صلاحیتوں پر اعتماد بڑھ گیا،کئی بار میچز یا سیریز میں دبائو میں آنے کے باوجود کم بیک کیا، ٹیم کی فائٹنگ اسپرٹ بے مثال ہے،اس کا مظاہرہ انگلینڈ کیخلاف سیریز میں بھی دیکھنے میں آیا، انھوں نے بتایا کہ 6 سال قبل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل سامنے آنے پر چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ نے ایک کلرک کے کمرے میں خفیہ ملاقات کرتے ہوئے اچانک کپتان بنانے کا فیصلہ کیا، قیادت ملنے کی طرح نمبر ون پوزیشن کا حصول بھی ڈرامائی محسوس ہوتا ہے، یہ ایک بڑی کامیابی اور ٹیم اس اعزاز پر فخر محسوس کرتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔