عمراکمل اوراحمد شہزاد کیلیے انتظار کی گھڑیاں مزید طویل

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 27 اگست 2016
گھٹنے کی تکلیف سے نجات پانے کیلیے کوشاں آفریدی بھی شامل نہیں ہوں گے  فوٹو: فائل

گھٹنے کی تکلیف سے نجات پانے کیلیے کوشاں آفریدی بھی شامل نہیں ہوں گے فوٹو: فائل

 لاہور: انگلینڈ کے خلاف واحد ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل کیلیے قومی اسکواڈ کا اعلان 31 اگست کو متوقع ہے،عمراکمل اوراحمد شہزاد کیلیے انتظارکی گھڑیاں مزید طویل ہوگئیں، معذرت قبول کیے جانے کے باوجود عمرکو زیر غور نہیں لایا جائے گا، اوپنر بھی بدستور نظرانداز رہیں گے، شاہد آفریدی کی شمولیت کاکوئی امکان نظر نہیں آتا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف واحد ٹوئنٹی 20میچ 7ستمبر کو مانچسٹر میں کھیلنا ہے، اس معرکے کیلیے اسکواڈ کا اعلان 30اگست کو شیڈول تیسرے ون ڈے کے بعد کیا جائے گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈسپلن کی خلاف ورزیوں پر باہر بٹھائے جانے والے عمراکمل کی معذرت چیئرمین پی سی بی نے قبول کرلی تھی لیکن اس کے باوجود ان کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع نہیں دیا جائے گا، انہی وجوہات پر ٹیم سے باہر احمد شہزاد بھی بدستور نظرانداز رہیں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کے نام ویسٹ انڈیز کے خلاف یواے ای سیریز میں زیر غور لائے جائیں گے۔

اسی طرح شاہد آفریدی کی ٹیم میں شمولیت کا کوئی امکان نہیں، صرف ایک فارمیٹ میں ملک کی نمائندگی کرنے والے آل رائونڈرگھٹنے کی تکلیف سے نجات پانے کیلیے کوشاں ہیں، سابق کپتان لاہور میں بحالی پروگرام مکمل کرنے کے بعد قومی ٹوئنٹی 20کے دوسرے مرحلے کے چند میچز کھیل سکتے ہیں، ان کی واپسی بھی ویسٹ انڈیز سے میچز کیلیے ہو گی،انگلینڈ کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کیلیے قومی اسکواڈ میں زیادہ تبدیلیوں کا امکان نہیں،البتہ عماد بٹ کو منتخب کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم ستمبر سے نومبر تک یو اے ای میں کیریبیئن سائیڈ سے سیریز کھیلے گی، اس کا آغاز ٹی ٹوئنٹی میچز سے ہی ہونا ہے جو بالترتیب 23،24اور27 ستمبر کو کھیلے جائیں گے، ابتدائی دو میچز دبئی اور تیسرا ابوظبی میں ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔