پاکستانی ٹیم ابھی سے آسٹریلوی حواس پر سوار ہوگئی

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 27 اگست 2016
ہوم گرائونڈز پرماضی کی بانسبت زیادہ مضبوط حریف کا چیلنج درپیش ہوگا،سڈل  فوٹو: پاکستان کرکٹ ٹیم

ہوم گرائونڈز پرماضی کی بانسبت زیادہ مضبوط حریف کا چیلنج درپیش ہوگا،سڈل فوٹو: پاکستان کرکٹ ٹیم

سڈنی:  پاکستانی ٹیسٹ ٹیم ابھی سے آسٹریلوی حواس پر سوار ہوگئی، پیسر پیٹر سڈل کا کہنا ہے کہ آئندہ ٹور میں مستقل مزاج اور متوازن اسکواڈ میزبان کیلیے مشکلات پیدا کرسکتا ہے، گرین کیپس کو پُراعتماد بیٹسمینوں اور آسٹریلوی کنڈیشنزکا بھرپور فائدہ اٹھانے کی صلاحیت رکھنے والے بولرز کی خدمات حاصل ہیں،ہمیں ہوم گرائونڈز پر ماضی کی بانسبت کہیں زیادہ مضبوط حریف کا چیلنج درپیش ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق کینگروز پیسر پیٹر سڈل کا کہنا ہے کہ پاکستان نے سلیکشن کے ساتھ کارکردگی میں بھی مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حیران کن کامیابیاں سمیٹی ہیں، متوازن اسکواڈ میں کئی کھلاڑی اپنی جگہ پکی کرچکے اور موقع ملنے پر صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں، آئندہ ٹور میں گرین کیپس کو ماضی کی بانسبت کہیں زیادہ بہتر ٹیم میسر ہوگی جو میزبان ٹیم کیلیے مشکلات پیدا کرسکتی ہے، انھوں نے کہا کہ مصباح الحق کو پُراعتماد اسٹار بیٹسمینوں اور آسٹریلوی کنڈیشنزکا بھرپور فائدہ اٹھانے کی صلاحیت رکھنے والے بولرز کی خدمات حاصل ہیں،مڈل آرڈر میں مصباح اور یونس خان جیسے ستون ہیں، پیس بیٹری میں بھی اتنی جان ہے کہ مخالف کے قدم اکھاڑ سکے۔

سڈل نے کہا کہ بڑی تیزی سے وکٹوں کی سنچری کی طرف گامزن لیگ اسپنر یاسر شاہ کی کارکردگی ناقابل یقین رہی ہے، کسی انجری کی صورت میں خلا پُر کرنے والے متبادل کھلاڑی بھی موجود ہیں، ہمیں اس بار ہوم گرائونڈز پر ماضی کی بانسبت کہیں زیادہ مضبوط حریف کا چیلنج درپیش ہوگا، انھوں نے کہا کہ مہمان ٹیم کے پرفارمرز اپنی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے کینگروز کو دبائو کا شکار کرسکتے ہیں،ہمیں کامیابی کیلیے بہت اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی۔ واضح رہے کہ سیریز رواں برس کے اواخر میں کھیلی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔