مسئلہ کشمیر کی پیروی اس کے حل تک جاری رکھیں گے، پاکستان

ویب ڈیسک  ہفتہ 27 اگست 2016
غیر ملکی انسانی حقوق کی تنظیموں نے کشمیر کے معاملے پر پاکستان کی خاطرخواہ حمایت کی ہے، نفیس زکریا :  فوٹو؛ فائل

غیر ملکی انسانی حقوق کی تنظیموں نے کشمیر کے معاملے پر پاکستان کی خاطرخواہ حمایت کی ہے، نفیس زکریا : فوٹو؛ فائل

 اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ پاکستان نے پوری دنیا میں کشمیر کے معاملے کو پوری دنیا میں اٹھایا ہے اور اس مسئلے کے حل تک پیروی جاری رکھیں گے۔

کشمیر کے موجودہ حالات پر ہونے والے سیمینار میں اظہار خیال کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ کشمیر میں جاری حق خود ارادیت کی تحریک کو دہشت گردی کے ساتھ منسلک کرنے کی بھارتی کوشش ناکام ہوگئی ہے۔ ہم نے پوری دنیا میں کشمیر کے معاملے کو اٹھایا  یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان مسئلہ کشمیرکی پیروی اسکےحل تک جاری رکھے گا۔  پاکستان کےتمام ادارے کشمیر کے معاملے پر ایک پیچ پر ہیں اور سب کا ایک ہی مؤقف ہے کشمیر کے ایشو پر کوئی مؤقف تبدیل نہیں کیا گیا۔ قومی اسمبلی کے اسپیکر نے اپنے تمام ہم منصبوں کو خط لکھ  کر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا جبکہ تمام وزرا بھی اپنے ہم منصبوں کے ساتھ  ملاقات میں کشمیر کا مسئلہ زیر غور لاتے ہیں۔

نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ کسی نے ہمارے مؤقف کی تائید نہیں کی یا مسئلہ کشمیر پر کوئی ردعمل نہیں آیا بیرون ملک قائم تمام انسانی حقوق کی تنظیموں نے کشمیر پر خاطرخواہ حمایت کی جبکہ او آئی سی کی انسانی حقوق کمیٹی نے بھارتی بربریت کی مذمت کے ساتھ  کہا کہ سب نے بھارت کشمیر میں قتل و غارت بند کرے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔