مہاجروں کو پہلے قائد ایم کیوایم اب فاروق ستار بےوقوف بنارہے ہیں، مصطفیٰ کمال

ویب ڈیسک  ہفتہ 27 اگست 2016
ایم کیوایم کے لوگ آج بھی الطاف حسین کوخوش کررہے ہیں، رہنما پاک سرزمین پارٹی فوٹو: آئی این پی

ایم کیوایم کے لوگ آج بھی الطاف حسین کوخوش کررہے ہیں، رہنما پاک سرزمین پارٹی فوٹو: آئی این پی

 کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ الطاف حسین اور فاروق ستار ایک ہی ہیں مہاجر قوم کو پہلے ایم کیوایم کے قائد نے بے وقوف بنایا اب فاروق ستار بنارہے ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران مصطفیٰ کمال نے کہا کہ قائد ایم کیو ایم مہاجر قوم کے خود ساختہ قائد ہیں، انہوں نےاسی حیثیت سے تقریر کی،انہوں نے 30 سال میں اس قوم کوزخمی کردیا ہے،متحدہ قائد کی وجہ سے قوم کی بیٹیاں عدالت میں خوار ہورہی ہیں، جومائیں اور بیٹیاں سبزی لینے نہیں نکلتی تھیں، آج عدالت میں پیش ہورہی ہیں، مہاجر قوم ایم کیو ایم کے قائد کو اپنا رہنما نہیں سمجھتی،یہ قوم بہت مایوس ہے انہیں گلے لگانے کی ضرورت ہے۔ ہمیں کسی کا دفتر گرنے پر کوئی خوشی نہیں، دیواریں اور تصویریں گرانے سے پھر ان کے لئے ہمدردیاں پیدا ہوں گی، کیا دفاتر کی دیواروں نے پاکستان کے خلاف نعرے لگائے ہیں۔

پاک سرزمین پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت نے اب تک ایم کیو ایم کے قائد کے خلاف ناکافی اقدامات کئے ہیں، حکومت بتائے کہ ایم کیو ایم قائد کے خلاف کیا اقدام کیا گیا، ان کے خلاف برطانیہ کوئی کردار ادا نہیں کرے گا،آپ دنیا بھر کو ثبوت دیتے رہیں کچھ نہیں ہوگا کیونکہ پاکستان کے لیے نقصان دہ دوسروں کے لیے فائدہ مند ہے۔ حکومت پاکستان کے اندر سے بھی متحدہ قائد کے خلاف کارروائی کرے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیوایم کے لوگ آج بھی الطاف حسین کوخوش کررہے ہیں، ایم کیو ایم ابھی سے نہیں ابتدا سے ہی پاکستان کی ہی تنظیم ہے، ایم کیوایم پاکستان کہہ کرلوگوں کےدماغوں کو منتشر نہ کیا جائے، ایم کیوایم قائدکوپارٹی سےالگ کرنےکی باتیں کی جارہی ہیں لیکن ایم کیوایم کے قائد ایم کیو ایم پاکستان سے الگ نہیں ہیں، کیا ایم کیو ایم قائد کو بانی بنانے سے مسئلہ حل ہوجائے گا۔ فاروق ستار سےگزارش ہے کہ وہ مہاجر قوم کو سچ بتائیں، فاروق ستار اللہ کو حاضر ناظر جان کر بتائیں کہ کیا وہ ’’را‘‘ سے متعلق دستاویزات سے متعلق نہیں جانتے،فاروق ستار لہولہان مہاجر قوم کو مزید زخمی کرنا چاہتے ہیں، 30سال تک پہلے قائد ایم کیوایم نے اس قوم کو بیوقوف بنایا اور اب وہ بنارہے ہیں۔ اس کے ساتھ وہ اپنی زندگی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

پاک سرزمین پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت صرف ایم کیو ایم کے دفاتر نا گرائے بلکہ مہاجروں کے زخموں پر بھی مرہم رکھے، اردو بولنے والوں کی محرومیوں کو دور کرنے کے لیے مسائل حل کئے جائیں، گزشتہ 30 برسوں میں سندھ کے شہری علاقوں میں ایک بھی سرکاری یونیورسٹی نہیں بنی، آج بھی شہرمیں روزگار،پانی،سیوریج کےمسائل جوں کےتوں ہیں، یہاں گرمیوں میں بجلی اور سردیوں میں گیس نہیں ہوتی ، اس شہر کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کریں، مہاجر قوم کے لیے تعلیمی ادارے بنائے جائیں اور انہیں طاقت دیں،انہوں نے نوجوانوں کی اتنی ذہنی تربیت کردی ہے کہ وہ خود ایم کیو ایم سے منسوب چیزیں گرائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔