سعودیہ میں پھنسے ورکرزکے مسائل حل کررہے ہیں، وفاقی وزیربرائے سمندرپارپاکستانی

اے پی پی  اتوار 28 اگست 2016
وطن آنیوالے واجبات وصولی کیلیے مختارنامہ سفارتخانے میں جمع کرائیں،وزیرانسانی وسائل۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

وطن آنیوالے واجبات وصولی کیلیے مختارنامہ سفارتخانے میں جمع کرائیں،وزیرانسانی وسائل۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

اسلام آباد: سمندر پار پاکستانیز اور انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر پیر سید صدر الدین شاہ راشدی نے کہا ہے کہ حکومت سعودی عرب میں پھنسے ہوئے پاکستانی ورکرز کے مسائل حل کرنے کے لیے ٹھوس کوششیں کر رہی ہے، اس سلسلے میں پاکستانی سفارتخانے نے ون ونڈو سہولت کا آغاز کردیا ہے۔

سرکاری خبر ایجنسی کوانٹرویو میں انھوں  نے کہا کہ 2 ڈیفالٹر کمپنیوں میں 9 ہزار پاکستانی مزدوروں کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی، مراعات کے خاتمے، اقامہ کی تجدید، ورک پرمٹ کی منتقلی، خوراک اور صحت کے مسائل کا سامنا ہے۔ سعودی عرب کے 5روزہ دورے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے ریاض، جدہ اور طائف سمیت مختلف شہروں میں20 کیمپوں میں مقیم پاکستانی مزدوروں کو صحت اور خوراک کی سہولتوں کی فراہمی کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے، سعودی شاہ نے مختلف قوموں کے پھنسے ہوئے مزدوروں کی سہولت کے لیے10 کروڑ ریال کا فنڈ قائم کیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے نے ون ونڈو سہولت کا آغاز کردیا ہے، ہنگامی بنیادوں پر ہاٹ لائن بھی قائم کی ہے، سفارتخانہ مزدوروں کو پاسپورٹ کی تجدید کی مفت سہولت فراہم کر رہا ہے، سعودی وزیرمحنت نے مزدوروں کی تنخواہوں کیلیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے جو پاکستانی مزدور وطن واپس جانا چاہیں گے وہ سفارتخانے کو مختار نامہ دے کر جائیں گے تاکہ انہیں سفارتخانے کے ذریعے رقوم کی ادائیگی یقینی بنائی جا سکے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔