جب یوٹیوب کی ہسٹری لسٹ بنی ہو مسئلہ

روزنامہ ایکسپریس  بدھ 1 فروری 2017
سائٹ پر دیکھی گئی وڈیوز کی فہرست سے نجات پانے کا طریقہ۔ فوٹو: فائل

سائٹ پر دیکھی گئی وڈیوز کی فہرست سے نجات پانے کا طریقہ۔ فوٹو: فائل

جب آپ وڈیو شیئرنگ کی سب سے بڑی سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ یوٹیوب سے اپنے گوگل اکاؤنٹ کے ذریعے ناتا جوڑے ہیں تو یہ سماجی ویب سائٹ ہر اس وڈیو کی ایک لسٹ بنانے کا عمل شروع کردیتی ہے جو آپ اس سائٹ پر اپنی موجودگی کے دوران دیکھتے ہیں۔

یوٹیوب کی جانب سے یہ لسٹ بنانے کے کئی مقاصد ہوتے ہیں، جن میں سے ایک اہم مقصد یہ ہے کہ اس سائٹ کو پتا ہو کہ اس کے یوزرز کس قسم اور نوعیت کی وڈیوز زیادہ شوق سے دیکھتے ہیں۔ اس طرح یوٹیوب آپ کے لیے آپ کی پسند کے مطابق وڈیوز تجویز کرتی ہے۔

اسی طرح اپنی دیکھی ہوئی گذشتہ وڈیوز کی فہرست دیکھ کر آپ کے لیے یہ آسان ہوجاتا ہے کہ اگر آپ کسی پسندیدہ وڈیو یا اس کا عنوان بھول چکے ہوں تو یوٹیوب سے ناتا جوڑتے ہی سامنے آنے والی ہسٹری میں آپ کو وہ وڈیو نظر آجائے اور آپ اسے دوبارہ دیکھ لیں۔

یہاں تک کہ جب آپ گوگل اکاؤنٹ کے ذریعے لاگ آن نہیں ہوتے تب بھی یوٹیوب ان کلپس کی ہسٹری بناتی اور آپ کے سامنے پیش کرتی ہے جو آپ اس سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ پر اپنے کمپیوٹر یا کسی اور ڈیوائس پر دیکھ چکے ہیں۔

بہت سے لوگ کسی بھی وجہ کی بنا پر نہیں چاہتے کہ یہ ان کی یوٹیوب پر دیکھی جانے والی وڈیوز اور کلپس کی ہسٹری بنے اور ان کے سامنے آئے، ایسی صورت میں اس مسئلے کو بہ آسانی حل کیا جاسکتا ہے۔

اس مقصد کے لیے آپ اپنی یوٹیوب واچ ہسٹری میں جاکر ’’پاز‘‘ (pause) بٹ پر کلک کرکے اپنی دیکھی ہوئی وڈیوز اور کلپس کی ہسٹری بننے کے عمل سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔

جب آپ pause کے بٹن کو ہِٹ کرتے ہیں تو یوٹیوب پر آپ نے جو وڈیوز دیکھی ہیں ان کے محفوظ کیے جانے اور ان کی ہسٹری بننے کا عمل رک جاتا ہے۔ اس طرح اگر آپ یوٹیوب پر اپنی کسی دیکھی ہوئی وڈیو یا کلپ کی تلاش کے لیے ڈیسکٹوپ براؤزر کے ذریعے ہسٹری کی مدد لینا چاہیں تو اس سائٹ پر موجود کسی بھی وڈیوز پیج کے نیچے دیے گئے ہسٹری بٹن پر کلک کردیں یا پیج کے اوپر بائیں کارنر پر موجود تین لائنوں والے مینیوآئکن پر کلک کریں اور ہسٹری کا آپشن منتخب کرلیں۔

اگر آپ ہسٹری میں شامل اور جمع کیے گئے تمام کلپس اور وڈیوز کو مکمل طور پر صاف کرنا چاہتے ہیں تو Clear All Watch History button پر کلک کریں، آپ کی ساری ہسٹری ختم ہوجائے گی۔ اسی طرح اگر آپ یوٹیوب پر اپنی دیکھی ہوئی سب وڈیوز کو ہسٹری سے نکال دینا نہیں چاہتے اور ان میں سے صرف کچھ وڈیوز ہی کو ہٹادینا چاہتے ہیں، تو اسکرین کی سیدھی طرف کلپس کی فہرست کے ساتھ دیے گئے “X” کے آپشن پر کلک کریں، آپ اپنا مطلوبہ مقصد پالیں گے۔

اس طرح یوٹیوب موبائل ایپلی کیشن استعمال کرتے ہوئے اس مقصد کے لیے اسکرین کے دائیں طرف اکاؤنٹ آئکن کو ٹیپ کریں اور اس کے بعد ہسٹری کا آپشن منتخب کرلیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔