امریکا میں چوکوں اور چھکوں کی بارش، پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 489 رنز بن گئے

اے ایف پی / اسپورٹس ڈیسک  اتوار 28 اگست 2016
آخری گیند پر2رنز درکار تھے مگر دھونی کیچ ہوگئے،لوکیش کی تھری فیگر اننگز رائیگاں۔ فوٹو: بی سی سی آئی

آخری گیند پر2رنز درکار تھے مگر دھونی کیچ ہوگئے،لوکیش کی تھری فیگر اننگز رائیگاں۔ فوٹو: بی سی سی آئی

لوڈیرہل: امریکا میں اولین ٹوئنٹی20 انٹرنیشنل میچ میں چوکوں اور چھکوں کی بارش ہوگئی، ویسٹ انڈیز نے بھارت کیخلاف سنسنی خیز مقابلہ محض 1 رن سے جیتا۔

تفصیلات کے مطابق بھارت نے 246 کے بڑے ہدف کا تعاقب بھرپور طریقے سے کیا، لوکیش راہول اور روہت شرما نے ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا، روہت28 گیندوں پر 62رنز بناکر پویلین لوٹے، ان سے قبل اجنکیا راہنے 7 اور ویرات کوہلی16رنز بناکر میدان بدر ہوئے۔

لوکیش نے 51 گیندوں پرناٹ آؤٹ110 کی اننگز کھیلی، اس میں 12چوکے اور 5 چھکے شامل رہے،یہ ان کی پہلی ٹی 20 انٹرنیشنل سنچری ہے، لوکیش کو 38 کے انفرادی اسکور پر ایک موقع بھی ملا، آندرے رسل کیچ تھامنے میں ناکام رہے، بھارت کو براوو کی اختتامی گیند پر فتح کیلیے 2 رنز درکار تھے لیکن دھونی (43 ) سموئلز کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، اس سے قبل ٹاس ہارنے والی ویسٹ انڈین ٹیم نے مقررہ اوور میں6 وکٹ پر245 رنز بنائے، ایون لوئس 49 گیندوں پر 100رنز بنانے میں کامیاب رہے، ٹیم نے آٹھویں اوور میں 100 کا مجموعہ ترتیب دے دیا تھا۔

لوئس نے جونسن چارلس (79)کے ہمراہ ٹیم کو 126 کی بنیاد فراہم کی، کیرون پولارڈ اور آندرے رسل نے یکساں طور پر 22،22رنز اسکور کیے، کارلوس بریتھ ویٹ 14رنز کے مہمان ثابت ہوئے، جسپریت بمرا اور رویندرا جڈیجانے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین چلتاکیا۔ یاد رہے کہ میچ میں مجموعی طور پر489رنز بنے جو کسی بھی ٹی ٹوئنٹی کا سب سے بڑا اسکور ہے، اس سے قبل 2010کی آئی پی ایل میںسپرکنگز اور رائلز کے میچ میں 469رنز اسکور ہوئے تھے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔