مسئلہ کشمیرعالمی سطح پر اٹھانے پر بھارتی میڈیا چیخ اٹھا

اے پی پی  اتوار 28 اگست 2016
وزیراعظم نوازشریف نے مختلف بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلیے22 ارکان پارلیمنٹ کو ذمے داری سونپی ہے۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم نوازشریف نے مختلف بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلیے22 ارکان پارلیمنٹ کو ذمے داری سونپی ہے۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے دنیا کے اہم ممالک میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلیے 22 ارکان پارلیمنٹ کو خصوصی ایلچی مقرر کرنے کے اقدام پر بھارتی میڈیا چیخ اٹھا۔

بھارتی میڈیا نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کیلیے دنیا کے اہم ممالک میں 22 پارلیمنٹیرینز کو خصوصی نمائندہ نامزد کرنے کے وزیراعظم نواز شریف کے جرأت مندانہ اور تاریخی اقدام پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیز اور ملکی معاملات میں مداخلت قرار دے دیا، بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس نے اپنی شہ سرخی کے ساتھ خبر دی کہ ’’پاکستان نے کشمیر پر بھارت کو پریشان کیا‘‘۔

اخبار نے لکھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے مسئلہ کشمیر پر بھارت کو مزید تکلیف دیتے ہوئے ہفتے کو22پارلیمنٹیرینز کی بطور خصوصی نمائندے تقرری کی جنھیں مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کیلیے دنیا کے دارالحکومتوں میں بھیجا جائے گا، وزیراعظم نواز شریف نے واضح کیا کہ ہم اقوام متحدہ کو کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کا دیرینہ وعدہ یاد دلائیں گے، ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ جس طرح بھارت مقبوضہ کشمیر میں تشدد اور بدامنی پر اکسانے پر پاکستان پر دباؤ بڑھائے ہوئے ہے۔

پاکستانی وزیراعظم نوازشریف نے اعلان کیا ہے کہ انھوں نے مختلف بین الاقوامی فورموں پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلیے22 ارکان پارلیمنٹ کو ذمے داری سونپی ہے، ایک اور بھارتی اخبار ’دی فرسٹ پوسٹ‘  نے لکھا کہ پاکستان کے اس اقدام کو اشتعال انگیزی کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے جو مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر بھارتی سیاسی قیادت کے ساتھ ایک مسلسل کشمکش میں رہا ہے۔

بھارتی ٹی وی نیوز نے اپنی آن لائن سائٹ پر کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر کی خراب صورت حال سے فائدہ اٹھانے میں ناکامی پر 22 پارلیمنٹیرینز کو خصوصی نمائندوں کے طور نامزد کیا جو دنیا بھر میں کشمیر کاز کیلیے جدوجہد کریں گے، ایک اور بھارتی اخبار دی کیونٹ نے اپنی شہ سرخی میں بیان کیا کہ نواز شریف نے کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے کیلیے دنیا بھر میں خصوصی نمائندے بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انڈیا ڈاٹ کام نے تحریر کیا کہ ایسے وقت میں جب مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں امن کیلیے کوشاں ہے پاکستانی وزیراعظم اس مسئلے کو عالمی فورم پر لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں، انڈیا ٹو ڈے نے بھی تحریر کیا کہ بھارت کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی کوشش کرتے ہوئے پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں اٹھانے کیلیے 22 پارلیمنٹیرینز کو نامزد کر دیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔