وزیراعظم سے سعودی نائب ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات، عالمی امورپرتبادلہ خیال

ویب ڈیسک  پير 29 اگست 2016
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات،دفاعی شعبےمیں تعاون،دہشتگردی کیخلاف جنگ سمیت اہم علاقائی اورعالمی امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔۔ فوٹو: فائل

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات،دفاعی شعبےمیں تعاون،دہشتگردی کیخلاف جنگ سمیت اہم علاقائی اورعالمی امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف سے سعودی عرب کے وزیر دفاع اور نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نور خان ائیر بیس پر وزیردفاع خواجہ آصف اور دیگر اعلیٰ سول اور فوجی حکام نے شہزادہ محمد بن سلمان کا شاندار استقبال کیا جس کے بعد وہ وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں وزیراعظم نوازشریف اور ان کی کابینہ کے ارکان نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی موجود تھے۔ وزیراعظم سے ملاقات کے درمیان دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات، دفاعی شعبے میں تعاون، دہشت گردی کے خلاف جنگ ، سعودی عرب کی قومی سلامتی سے متعلق امور سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے،سعودی عرب کی سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق ہوا تو پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہوگا جب کہ سعودی وزیردفاع شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے کا اہم ملک ہے، دونوں ملکوں کے درمیان دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔

ملاقات کے بعد جاری ہونے والے مختصر اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف اور سعودی وزیر دفاع کے درمیان ملاقات میں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پراتفاق کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔