تلکارتنے دلشان کی خدمات کسی طور مہیلا جے وردنے اور سنگاکارا سے کم نہیں، میتھیوز

اسپورٹس ڈیسک  پير 29 اگست 2016
دلشان کا خلا پرکرنے میں ہمیں خاصی مشکل پیش آئے گی، میتھیوز۔  فوٹو: فائل

دلشان کا خلا پرکرنے میں ہمیں خاصی مشکل پیش آئے گی، میتھیوز۔ فوٹو: فائل

دمبولا: سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز کا کہنا ہے کہ تلکارتنے دلشان کی خدمات جے وردنے اور سنکاگارا کے مساوی ہیں۔

دلشان کے ون ڈے سے ریٹائرمنٹ لینے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے میتھیوز نے تجربہ کار اوپنر کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملکی کرکٹ کیلیے ان کی خدمات دو سابق اور بہترین بیٹسمینوں مہیلا جے وردنے اور کمار سنگاکارا سے کسی طور کم نہیں ہے۔ انھوں نے ان دونوں سابق پلیئرز کی طرح ہی ملک کا نام روشن کیا ہے، ہم ان کی کمی بہت محسوس کرینگے، انھوں نے گذشتہ 17 برس سری لنکا کرکٹ کیلیے شاندار خدمات انجام دیں، میتھیوز نے مزید کہا کہ اگرچہ ہم دلشان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں لیکن اسی کے ساتھ ہمیں یہ بھی اعتراف ہے کہ ان کا خلا پرکرنے میں ہمیں خاصی مشکل پیش آئے گی۔

بدقسمتی سے انھوں نے ون ڈے سے بھی ریٹائر ہونے کا فیصلہ اچانک کیا لیکن ہم ان کے فیصلے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پوری ٹیم ان کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہے اور مستقبل میں ان کی کامیابی کیلیے دعاگو ہوگی، اب ٹیم میں شامل نوجوان پلیئرز کو بہت زیادہ ذمے داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، دلشان نے اتوار کو آسٹریلیا سے سیریز کے تیسرے ون ڈے کو اپنا الوداعی میچ قرار دیا ہے جبکہ وہ کینگروز کیخلاف 6 اور9 ستمبر کو شیڈول ٹوئنٹی 20 میچز میں شرکت کے بعد مختصرفارمیٹ کی کرکٹ کو بھی خیرباد کہہ دینگے، ان کے مشہور شاٹ کو ’ دل اسکوپ ‘ کا نام دیا گیا ، وہ ٹیسٹ کرکٹ سے 2013 میں ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔