مودی سرکار اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے پاکستان سے جنگ بھی چھیڑ سکتی ہے، مایا وتی

آئی این پی  پير 29 اگست 2016
نریندر مودی کشمیر میں تشدد کو ہوا دے رہے ہیں، سربراہ بہوجن سماج پارٹی. فوٹو: فائل

نریندر مودی کشمیر میں تشدد کو ہوا دے رہے ہیں، سربراہ بہوجن سماج پارٹی. فوٹو: فائل

لکھنؤ:  بھارتی سیاستدان اور بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت نے ملک کے عوام کو بے حد مایوس کیا ہے، مودی حکومت اپنی ناکامی چھپانے کیلیے کشمیر میں تشدد کو بڑھاوا دے رہی ہے اور پاکستان سے جنگ کیلیے بھی جا سکتی ہے۔

بھارتی ریاست اترپردیش میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مایا وتی کا کہنا تھا کہ مودی سرکار نے اب تک اپنا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا، مرکز میں جب سے بی جے پی کی حکومت بنی ہے تب سے ملک میں مسلم سمیت دیگر اقلیتوں کے ساتھ غلط رویہ اختیار کیا جا رہا ہے، فرقہ پرست طاقتیں مضبوط ہوگئی ہیں، گاؤ رکشا اور تبدیلی مذہب کی آڑ میں اقلیتوں کا استحصال کیا جا رہا ہے۔

نئی دہلی کے لا اینڈ آرڈر کو بھی جب یہ بی جے پی کی حکومت نہیں سنبھال سکتی تو اتر پردیش کے لا اینڈ آرڈر کو کس طرح سنبھالے گی ؟ موجودہ حکمراں پارٹی جو اپنے جرم کیلیے ہمیشہ سے جانی جاتی رہی ہے ، لیکن اس مرتبہ تو غنڈوں کا حوصلہ مزید بلند ہوگیا ہے ، جس کی وجہ سے ریاست میں لوٹ مار، جرائم، عصمت دری اور فرقہ وارانہ فسادات جیسے واقعات خوب ہورہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔