ایران نے ایٹمی تنصیبات کی حفاظت کیلئے جدید میزائل نصب کر دیئے

ویب ڈیسک  پير 29 اگست 2016
’’فوردو مرکز‘‘ کی حفاظت کیلئے ایران نے دور تک مار کرنے والے روسی ساختہ ایس 300  میزائل نصب کر دیے ہیں، فوٹو:فائل

’’فوردو مرکز‘‘ کی حفاظت کیلئے ایران نے دور تک مار کرنے والے روسی ساختہ ایس 300 میزائل نصب کر دیے ہیں، فوٹو:فائل

تہران: ایران نے اپنی ایٹمی تنصیبات کی حفاطت کے لئے دور تک ہدف کو نشانہ بنانے والے روسی ساختہ میزائل نصب کر دیئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تہران نے وسطی ایران میں واقع اپنے ایٹمی پلانٹ ’’فوردو مرکز‘‘ کی حفاظت کے لئے حال ہی میں روس سے خریدے گئے دور تک مار کرنے والا ایس 300 میزائل نصب کر دیے ہیں۔ ایرانی فضائیہ کے کمانڈر جنرل فرزاد اسماعیلی کا کہنا ہے کہ جوہری تنصیبات کی حفاظت سب سے زیادہ اہم ہے اور آج خطے میں ایران کی فضائی حدود سب سے زیادہ محفوظ ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: ایران کا 2 ہزار کلومیٹر تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

قبل ازیں فضائی افواج کے کمانڈرز سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ تہران کی فوجی طاقت کا مقصد صرف دفاع ہے، فوردو کی حفاظت کے لئے میزائل کی تنصیب پر مخالفین کی جانب سے مسلسل تنقید ان کے عزائم کو واضح کرتی ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری تنازع پر مذاکرات کامیاب

واضح رہے کہ ایران نے امریکا کی قیادت میں 6 عالمی طاقتوں کے ساتھ 2 سالہ مذاکرات کے بعد گزشتہ برس جولائی میں ایک معاہدے کے تحت یورینیم کو افزودہ کرنے والے 19 ہزار سینٹری فیوجز کو تلف کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔