غیرملکی خواتین پربڑھتے جنسی حملے، بھارتی حکومت کی اسکرٹ نہ پہننے کی ہدایت

ویب ڈیسک  پير 29 اگست 2016
سیاحوں کو ایرپورٹس پر ھفاظتی اقدامات اپنانے کے حوالے سے استقبالی کارڈ ملے گا فوٹو: فائل

سیاحوں کو ایرپورٹس پر ھفاظتی اقدامات اپنانے کے حوالے سے استقبالی کارڈ ملے گا فوٹو: فائل

آگرہ: دنیا کی سب سے بڑی جمہوریہ اور ہزاروں برس پرانی ثقافت رکھنے کا جھانسہ دینے والے بھارت میں خواتین کی عصمت کی پامالی روز کا معمول ہے اور تو اور ملک بھر میں موجود جنسی درندے غیر ملکی خاتون سیاحوں کو بھی نہیں بخشتے لیکن ترقی کے نعرے سے اقتدار میں آئے نریندر مودی اور ان کے ساتھی ان درندوں کو تو قید نہیں کرسکے تاہم انہوں نے غیر ملکی سیاحوں پر ہایات کے نام پر مختلف اقسام کی پابندیاں ضرور لگادی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملک کے وزیر ثقافت اور سیاحت مہیش شرما کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سیاح جب بھارت پہنچیں گے تو انہیں ایئرپورٹ پر ہی ایک استقبالی کارڈ دیا جائے گا جس میں انہیں بھارت میں قیام کے دوران ان اقدامات سے متعلق آگاہ کیا جائے گا جنہیں اپنانے سے وہ کسی بھی قسم کا نقصان اٹھانے سے ہر ممکن حد تک بچ سکیں گے۔

مہیش شرما نے کہا کہ وہ سیاحوں سے یہ نہیں کہہ رہے ہیں کہ وہ کیا پہنیں اور کیا نہیں، لیکن اپنے تحفظ کے مقصد سے انہیں احتیاط برتنی چاہیے۔ انڈیا ایک ثقافتی ملک ہے اور مندروں میں جانے کے لیے ہمارا ایک مختلف ڈریس کوڈ ہوتا ہے۔ اس لیے غیر ملکی سیاح لباس زیب تن کرتے وقت اس کا خیال رکھیں۔

واضح رہے کہ بھارت میں خواتین اس قدر غیرمحفوظ ہیں کہ بیشتر علاقوں میں شام ڈھلے خواتین کو گھر سے باہرنکلنے ہی نہیں دیا جاتا جب کہ غیر ملکی خواتین کے ساتھ بھی زیادتی کے واقعات روزمرہ کا معمول بن گیا ہے اور ملک کا دارالحکومت نئی دلی تو دنیا بھر میں خواتین کے لیے غیر محفوظ ترین شہروں میں شمار ہونے لگا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔