آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے سعودی وزیر دفاع کی ملاقات

ویب ڈیسک  پير 29 اگست 2016
ملاقات میں علاقائی سلامتی خصوصاً مشرق وسطی کی صورتحال اور دفاعی تعاون سمیت دوطرفہ تعلقات کے امور پر تبادلہ خیال۔ فوٹو: آئی این پی

ملاقات میں علاقائی سلامتی خصوصاً مشرق وسطی کی صورتحال اور دفاعی تعاون سمیت دوطرفہ تعلقات کے امور پر تبادلہ خیال۔ فوٹو: آئی این پی

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے سعودی وزیر دفاع محمد بن سلمان نے ملاقات کی جس میں دفاعی تعاون سمیت دوطرفہ تعلقات کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے وزیر دفاع اور نائب ولی عہد محمد بن سلمان السعود نے آرمی ہیڈ کوارٹر جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی خصوصاً مشرق وسطی کی صورتحال اور دفاعی تعاون سمیت دوطرفہ تعلقات کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

دوسری جانب شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم نوازشریف سے بھی ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات، دفاعی شعبے میں تعاون، دہشت گردی کے خلاف جنگ ، سعودی عرب کی قومی سلامتی سے متعلق امور سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے، سعودی عرب کی سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق ہوا تو پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہوگا جب کہ سعودی وزیردفاع شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے کا اہم ملک ہے، دونوں ملکوں کے درمیان دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔

ملاقات کے بعد جاری ہونے والے مختصر اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اور سعودی وزیر دفاع کے درمیان ملاقات میں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پراتفاق کیا گیا ہے۔

اس سے قبل نور خان ائیر بیس پر وزیردفاع خواجہ آصف اور دیگر اعلیٰ سول اور فوجی حکام نے شہزادہ محمد بن سلمان کا شاندار استقبال کیا جس کے بعد وہ وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں وزیراعظم نوازشریف اور ان کی کابینہ کے ارکان نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی موجود تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔