تیسرا ون ڈے؛ انگلینڈ کا پاکستان کو کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف دیدیا

اسپورٹس ڈیسک  منگل 30 اگست 2016
انگلینڈ کی جانب سے الیکس ہیلز نے 22 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 171 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ فوٹو: گیٹی امیج

انگلینڈ کی جانب سے الیکس ہیلز نے 22 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 171 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ فوٹو: گیٹی امیج

ناٹنگھم: تیسرے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 445 رنز کا کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف دیا ہے۔ 

انگلینڈ کے شہر ناٹنگھم میں انگلش کپتان اون مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو الیکس ہیلز اور جیسن روئے نے اننگز کا آغاز کیا، جیس روئے 15 رنز پر حسن علی کا نشانہ بنے جس کے بعد جوئے روٹ نے الیکس ہیلز کے ہمراہ ملکر 248 رنز کی شاندار شراکت داری قائم کی اس دوران الیکس نے 22 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 171 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جب کہ جوئے روٹ  85 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے اور انہوں نے 10 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے 110 رنز دیے، عامر نے بغیر کسی وکٹ کے 72، حسن علی نے 74 رنز دے کر 2 اور محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ سے قبل پاکستانی کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ ہم انگلینڈ کو کم سے کم ٹوٹل میں آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے جب کہ ٹیم میں صرف ایک تبدیلی کی گئی ہے ان فٹ عماد وسیم کی جگہ محمد نواز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے انگلینڈ نے ابتدائی دونوں میچز میں پاکستان کو شکست سے دوچار کیا تھا جب کہ قومی ٹیم کو سیریز بچانے کے لیے آج کا میچ جیتا ضروری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔