پاکستانی نوجوان كا گایا ہوا کشمیر کی آزادی کا ترانہ مقبوضہ كشمیر میں مقبول

ویب ڈیسک  منگل 30 اگست 2016

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

لاہور: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر نوجوان پاکستانی گلوکار راجہ ریپسٹار کا احتجاجی ترانہ ’’کشمیر کی آزادی تک، انڈیا کی بربادی تک، جنگ رہے گی ‘‘ بڑی تیزی سے مقبول ہورہا ہے۔

ایک ماہ کے عرصے میں اس ترانے کو انٹرنیٹ پر 20 لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔ پاكستانی نوجوان كا یہ ترانہ مقبوضہ كشمیر میں بھی مقبول ہوگیا ہے۔ اس ترانے کی شاعری اور منظر نگاری میں بھارتی مظالم اور خاص طور پر برہان وانی کی شہادت کو مرکز بناتے ہوئے کشمیر کی تحریکِ آزادی كا پرچار کیا گیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں یہ ترانہ اتنا مشہور ہوچکا ہے کہ وہاں بھارت مخالف ریلیوں اور مظاہروں میں گوجنے لگا ہے۔ كشمیری نوجوانوں نے گانے كو موبائل ٹون بنانے كی مہم تیز كردی ہے۔ راجہ ریپسٹار کا تعلق لاہور سے ہے اور اس ترانے میں انہوں نے كشمیریوں كے جذبہ حریت كو خراج تحسین پیش كیا ہے۔ ترانے كی ویڈیو میں كشمیر میں جاری تحریك آزادی كے مناظر دكھائے گئے ہیں جن میں بھارتی فوج كی فائرنگ كے سامنے نوجوان اور خواتین پاكستانی پرچم اٹھائے آزادی كے نعرے لگارہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر اس ترانے كی ویڈیو آتے ہی كشمیریوں میں مقبول ہوگئی۔ مقبوضہ كشمیر كے اكثر علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بند ہونے كے باوجود یہ ترانہ كشمیریوں میں تیزی سے مقبول ہورہا ہے۔

راجہ ریپسٹار كا كہنا ہے كہ ہر پاكستانی كی طرح انہیں بھی كشمیر سے محبت ہے، انہوں نے بھارتی مظالم كے خلاف آواز بلند كی جسے كشمیریوں نے پسند كیا۔ مقبوضہ كشمیر سے بڑی تعداد نوجوانوں نے ان سے رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ كشمیریوں كی خواہش پر بھارتی ظلم كے خلاف ایك اور گانا تیار كررہا ہوں جو جلد منظرِعام پر آئے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔