سپریم کورٹ میں وزیراعظم کی نااہلی کی درخواست اعتراض کے بعد واپس

ویب ڈیسک  منگل 30 اگست 2016
 تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے  29 اگست کو وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست جمع کرائی تھی : فوٹو :فائل

تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے 29 اگست کو وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست جمع کرائی تھی : فوٹو :فائل

 اسلام آباد: سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کی وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ نے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کی وزیر اعظم نوازشریف کی نااہلی کے لئے دی جانے والی درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی ہے۔ سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے درخواست پر اعتراض لگایا کہ درخواست گزار نے متعلقہ فورم پر رجوع کرنے کے بجائے سپریم کورٹ میں درخواست جمع کرائی، نااہلی کے معاملے پر سپریم کورٹ میں براہ راست نہیں آسکتے اور نا ہی عدالت عظمٰی میں  درخواست دائر کرائی جاسکتی ہے۔

سپریم کورٹ میں دائر کی جانے والی درخواست میں پی ٹی آئی کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ وزیراعظم اور ان کے بچوں نے غیر قانونی طریقے سے رقم بیرون ملک منتقل کی بلکہ اُن کے جتنے بھی اثاثے بیرون ممالک میں موجود ہیں اُن کا ذکر بھی میاں نواز شریف نے اپنے گوشواروں میں نہیں کیا۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے  29 اگست کو وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست جمع کرائی تھی، درخواست میں وزیر اعظم کے صاحبزادوں حسن نواز، حسین نواز اور مریم نواز کے علاوہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، سیکرٹری داخلہ، قومی احتساب بیورو اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو فریق بنایا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔