نیپال نے بھارت کے جعلی کوہ پیما جوڑے پر10 سال کی پابندی لگا دی

ویب ڈیسک  بدھ 31 اگست 2016
دنیش اورتراکیشوری میاں بیوی ہونےکےساتھ محکمہ پولیس سے وابستہ ہیں جنہوں نےرواں سال ماؤنٹ ایورسٹ سرکرنےکا دعویٰ کیا تھا۔ فوٹو: فائل

دنیش اورتراکیشوری میاں بیوی ہونےکےساتھ محکمہ پولیس سے وابستہ ہیں جنہوں نےرواں سال ماؤنٹ ایورسٹ سرکرنےکا دعویٰ کیا تھا۔ فوٹو: فائل

کھٹمنڈو: نیپال کے سیاحتی ادارے نے ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کا دعویٰ کرنے والے بھارتی جوڑے پر10سال کی پابندی لگا دی جس کے بعد انہیں اس عرصے کے دوران نیپال کے کسی بھی پہاڑ کو سر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست مہارشٹرا سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما دنیش اور تراکیشوری راتھوڑ پر نیپال کے ٹورازم ڈیپارٹمنٹ نے تحقیقات کے بعد 10 سال کی پابندی لگا دی جب کہ دونوں کوہ پیما میاں بیوی ہیں جنہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ رواں سال مئی میں انہوں نے دنیا کی سب سے بلند چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کیا اور اس حوالے سے انہوں نے تصاویر بھی جاری کی تھیں۔

بھارتی کوہ پیماؤں کی جانب سے ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کی تصاویر نیپال کے ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کو بھی بھیجی گئی تھیں جب کہ ٹورازم ڈیپارٹمنٹ نے ابتدا میں تصاویر کو قبول کرتے ہوئے انہیں ایک سرٹیفکٹ بھی جاری کیا تھا تاہم تصاویر جعلی ہونے کا بھانڈا اس وقت پھوٹا جب ایک بھارتی کوہ پیما ستیارپ سدھنتا نے ان تصاویر کو جعلی قرار دیتے ہوئے اپنی مزید تصاویر فیس بک پر اپ لوڈ کیں اور اس حوالے سے نیپال کے حکام کو آگاہ کیا۔ نیپالی ٹورازم ڈیپارٹمنٹ نے تحقیقات کا حکم دیا تو معلوم ہوا کہ دنیش اور تراکیشوری راتھوڑ کی تصاویر جعلی ہیں۔

دوسری جانب نیپالی ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ ہماری تحقیقات کی روشنی میں دنیش اور تراکیشوری راتھوڑ نے جعلی تصاویر جمع کرائی تھیں اور دونوں بھارتی ریاست مہارشٹرا کے تھانے میں پولیس کانسٹبل ہیں جنہوں نے ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کے حوالے سے دھوکے بازی کی اس لئے دونوں کوہ پیماؤں پر 10 سال کی پابندی لگا دی گئی ہے۔ نیپالی ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کے چیف پراساد ڈھاکل کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران بھارتی کوہ پیما جوڑے نے تعاون نہیں کیا جب کہ ہر بار رابطہ کرنے پر انہوں نے قابل اطمینان جواب نہیں دیا۔

ادھر ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے اصل بھارتی کوہ پیما ستیارپ سدھنتا کا کہنا ہے کہ جعلی کوہ پیما جوڑے نے میری تصاویر فوٹو شاپ کر کے سرٹیفکٹ بھی حاصل کرلیا، کوہ پیما اصل میں کیا کر رہے ہیں اور محکمہ پولیس سے تعلق رکھنے والے جعلی کوہ پیما جوڑے کو اپنی حرکت پر شرم آنی چاہیئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔