عمران خان کا 6 ستمبر کو کراچی میں ’’پاکستان زندہ باد‘‘ جلسے کا اعلان

 بدھ 31 اگست 2016
وقت آگیا کہ پاکستان کی آن اور شان کی خاطر تمام افراد تعصبات سے بالاتر ہوکر باہر نکلیں، چیئرمین پی ٹی آئی فوٹو: فائل

وقت آگیا کہ پاکستان کی آن اور شان کی خاطر تمام افراد تعصبات سے بالاتر ہوکر باہر نکلیں، چیئرمین پی ٹی آئی فوٹو: فائل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 6 ستمبر کے موقع پر کراچی میں  ’’پاکستان زندہ باد‘‘ جلسے کا اعلان کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف نے 6 ستمبر کو کراچی میں ’’پاکستان زندہ باد‘‘جلسہ منعقد کرنے کا اعلان کردیا جب کہ عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کے دوران بتایا کہ پاکستان سے بھرپور اظہار یکجہتی اورالطاف حسین کی ہرزہ سرائی کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کراچی میں 6 ستمبر کے موقع پر پاکستان زندہ باد جلسہ ہوگا۔ عمران خان نے اپیل کی کہ عوام وطن عزیز سے بھر پور یکجہتی کااظہار کرتے ہوئے قومی پرچم ہاتھوں میں تھام کر گھروں سے نکلیں، وقت آگیا کہ پاکستان کی آن اور شان کی خاطر تمام افراد مسلکی، گروہی، لسانی، صوبائی اورعلاقائی تعصبات سے بالاتر ہوکر باہر نکلیں۔

بوریوالہ میں اپنے قریبی ساتھی چوہدری منظورکی دعوت پر ان کے اسپتال میں پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے ارکان اسمبلی، سابق ٹکٹ ہولڈرز، منتخب بلدیاتی چیئرمینوں اور کونسلروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان نے لوٹ مار اورکرپشن سے بے تحاشا قومی دولت لوٹی لیکن انسانیت کی خدمت اور نیکی کے کام کرنے سے ڈرتے ہیں، انھیں آخرت کی کوئی فکر نہیں، جو لوگ اپنی ذات کے لیے سیاست کرتے ہیں وہ کبھی انسانیت کی خدمت نہیں کر سکتے۔ انہوں نے  کہا ہے کہ خواجہ آصف عام انتخابات میں دھاندلی کرکے جیتے، 3 حلقوںکی حقیقت عوام کے سامنے آچکی، جلد چوتھے حلقے کی حقیقت بھی عدالت کے ذریعے عوام کے سامنے لائیں گے۔

ادھر عمران خان نے منگل کو حلقہ این اے110 کی انتخابی عذرداری کے معاملہ پرپارٹی امیدوارعثمان ڈارکے وکیل بابراعوان کو ٹیلیفون کیا۔ عمران خان نے کہاکہ این اے110 میں دھاندلی کے ناقابلِ تردید ثبوت مل گئے ہیں، ن لیگ نے عام انتخابات میں کھلم کھلادھاندلی کی، انتخابات میں دھاندلی کے نظام کاخاتمہ کر کے رہیں گے۔ بابراعوان نے بتایاکہ ایک لاکھ 2 ہزار انگوٹھوں کے نشان اور شناختی کارڈوالے ووٹوںکی تصدیق کے لیے آج نادرامیںدرخواست دائرکرینگے اوردھاندلی کے خلاف انصاف لے کررہیں گے۔

دوسری جانب عمران خان اور عوامی تحر یک کے سربراہ ڈاکٹرطاہر القادری میں 24 گھنٹوں کے دوران دوسرا ٹیلی فونک رابطہ ہوا جبکہ دونوں رہنماؤں نے ملاقات کرنے کافیصلہ بھی کیا ہے جو 2 ستمبر کو لاہور میں ہونے کاقوی امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق منگل کو ٹیلی فونک رابطے میں عمران خان اورطاہرالقادری نے حکومت مخالف احتجاجی تحر یک کو مزید تیز کرنے کے حوالے سے مشتر کہ حکمت عملی طے کرنے کے لیے ملاقات کر نے کافیصلہ کیاہے اوراس بات کا قوی امکان ہے کہ دونوں قائدین کی جمعے کولاہور میں ملاقات ہوگی جس میں عوامی مسلم لیگ کے سر براہ شیخ رشید بھی موجود ہونگے، دونوں قائدین نے 3 ستمبرکو ایک دوسرے کے احتجاج میں بھرپورشرکت کی بھی یقین دہانی کرائی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔