سندھ پولیس کے251 انسپیکٹرز کی ڈی ایس پی کے عہدوں پرترقی

ویب ڈیسک  جمعرات 1 ستمبر 2016
ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی پانے والوں میں 8 خواتین افسران بھی شامل ہیں۔ فوٹو؛ پی پی آئی

ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی پانے والوں میں 8 خواتین افسران بھی شامل ہیں۔ فوٹو؛ پی پی آئی

 کراچی: سندھ پولیس کے 251 انسپکٹرز کو ڈی ایس پی کے عہدے پرترقی دے دی گئی جن میں 8 خواتین انسپیکٹرز بھی شامل ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ترقی پانے  والے پولیس افسران کےاعزاز میں تقریب ہوئی، تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ  تھے جب کہ دیگر پولیس افسران بھی شریک ہوئے،قریب میں وزیراعلیٰ سندھ ڈی ایس پی رینک پرترقی پانے والے انسپکٹرزکو پروموشن لیٹرز دیئے اور بیج بھی لگائے۔

تقریب کے موقع پروزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ترقی پانے والے پولیس افسروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ ترقی پانے والے افسران کی ذمے داری اور بڑھ گئی ہے، ملک کے خاطرجانیں قربان کرنے والے قابل تعریف ہیں جب کہ پولیس کے ہاتھ میں صوبے کا امن وامان ہے اور پولیس نے ٹھیک کام کیا توصوبے کے لوگ چین کی نیند سوئیں گے۔

اس موقع پر آئی جی سندھ پولیس اللہ ڈنو خواجہ نے کہا کہ پولیس کو تفتیش میں کمزوری پرتنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے ، سندھ پولیس میں تربیت کےمعیارکو بڑھانے کے لیے بھرتیوں کی ضرورت ہے، ترقی ہرسرکاری افسر کا خواب ہوتی ہے، ترقی پانے والوں کی ذمہ داری بڑھ جاتی ہے، وزیراعلیٰ سندھ کے شکرگزارہیں جنہوں نےجلد اس معاملے کو حل کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کے جوانوں کی بڑی تعداد نے شہادت پائی ہے، سندھ کو مثالی صوبہ بنانے میں کوشاں رہیں گے، حکومت زخمی اہلکاروں کے علاج کے لئے علیحدہ فنڈ قائم کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔