گوگل کا آئی فون سیون کے مقابلے میں پکسل فون لانے کا اعلان

ویب ڈیسک  بدھ 21 ستمبر 2016
اسے تائیوانی کمپنی ایچ ٹی سی نے تیار کیا ہے جس نے 2010 میں گوگل ٹیب ’’نیکسس‘‘ تیار کی تھی۔ فوٹو؛ فائل

اسے تائیوانی کمپنی ایچ ٹی سی نے تیار کیا ہے جس نے 2010 میں گوگل ٹیب ’’نیکسس‘‘ تیار کی تھی۔ فوٹو؛ فائل

سان فرانسسكو: گوگل نے آئندہ ماہ اپنے 2 اسمارٹ فون متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جو آئی فون 7 کے مقابل ہوں گے۔

اس ضمن میں گوگل کی جانب سے ایک ٹیزر ریلیز کیا گیا ہے جس کے تحت پکسل اور پکسل ایکس ایل نامی فون مارکیٹ میں پیش کیے جائیں گے جو ناقدین کے تکنیکی تجزیہ کاروں کے مطابق آئی فون سیون اور سیون پلس کے مقابل میں پیش کیے جارہے ہیں جب کہ اس ایجاد کا نام پچھلے ماہ ہی پیش کیا گیا ہے۔

گوگل نے اس کی مزید تفاصیل بیان نہیں کی اور ٹیزر میں ایک چوکور ڈبے کو اسمارٹ فون کی آؤٹ لائن میں تبدیل ہوتا دکھایا گیا ہے اور کہا ہے کہ کوئی نئی شے جس سے پیار کیا جائے جو 4 اکتوبر کر ریلیز ہورہی ہے۔

مزید تفصیلات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہےکہ اسے تائیوانی کمپنی ایچ ٹی سی نے تیار کیا ہے جس نے 2010 میں گوگل ٹیب ’’نیکسس‘‘ تیار کی تھی۔

اینڈروئڈ فون پر نظر رکھنے والی ایک ویب سائٹ اینڈروئڈ پولیس کا کہنا ہےکہ دونوں کا پکسل کا اسکرین پانچ انچ کا ہے جس کا کوڈ نیم سیل فش اور ساڑھے پانچ انچ کا ایکس ایل ورژن مارلن کے نام سے متعارف کیا جارہا ہے۔ اب تک ان کی قیمتوں کا کوئی سراغ نہیں لگایا جاسکا ہے تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کی قیمت آئی سیون کے مقابلے میں کافی کم ہوگی۔ گوگل اس کے علاوہ ہوم اسمارٹ اسپیکر اور ورچول ریئلٹی ویور آلہ بھی پیش کرے گی جسے ڈے ڈریم ویو کا نام دیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔