رائیونڈ مارچ کوروکا گیا تو ملک میں خانہ جنگی ہوجائے گی، مولا بخش چانڈیو

ویب ڈیسک  بدھ 21 ستمبر 2016
یہ سانحہ ماڈل ٹاون والا دور نہیں کہ کوئی آپ سے نہیں پوچھے گا، مولا بخش چانڈیو: فوٹو: فائل

یہ سانحہ ماڈل ٹاون والا دور نہیں کہ کوئی آپ سے نہیں پوچھے گا، مولا بخش چانڈیو: فوٹو: فائل

حیدر آباد: مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان تحریک انصاف کے رائیونڈ مارچ کو روکنے کے لیے مسلم لیگ (ن) کے متوالے میدان میں آئے تو اس سے خانہ جنگی ہوجائے گی۔

حیدر آباد میں پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹوزرداری کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کے دوران صوبائی مشیراطلاعات  کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے مارچ کوروکنے کے لیے لیگی متوالے آئے تواس سے خانہ جنگی ہوجائے گی، تصادم ہوا تو اس کا سب سے زیادہ نقصان حکومت کو ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سانحہ ماڈل ٹاون والا دورنہیں کہ کوئی آپ سے نہیں پوچھے گا جب کہ اگرابھی تصادم ہوا توریاستی ادارے اورسیاسی جماعتیں بھی خاموش نہیں رہیں گی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: 2018 میں کلین سوئپ کریں گے 

مولا بخش چانڈیونے کہا کہ حکومت کو زیب نہیں دیتا کہ ان کے لوگ سروں پر کفن باندھ کرآئیں اور کہیں کہ ہم رائیونڈ جانے والوں کی ٹانگیں توڑدیں گے، عمران خان ایک بڑی سیاسی جماعت کے لیڈرہیں وہ جہاں چاہے جا سکتے ہیں کیونکہ رائیونڈ کسی کی جاگیرنہیں ہے جب کہ عمران خان نے خود بھی کہا ہے کہ ہم کسی کے گھرپرنہیں جائیں گے۔

مولا بخش چانڈیو نے مزید کہا کہ حکومت کو نہ جانے کس نے مشورہ دیا ہے کہ وہ تصادم کی فضا پیدا کر کے خود کو مظلوم ثابت کرے، حکومت کو چاہیے کہ وہ مفاہمت کی راہ اختیار کرے اور اس راستے سے نہ چلے جو اپوزیشن کا راستہ ہے ، اگر کوئی بد امنی اور امن و امان کا مسئلہ پیدا کرتا ہے تو اسے روکنے کے لیے پولیس اور ریاستی ادارے موجود ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔