جاپان میں دوران ڈرائیونگ فون استعمال نہ کرنے پر مفت کافی کا تحفہ

ویب ڈیسک  پير 26 ستمبر 2016
100 کلومیٹرتک ڈرائیونگ کے دوران فون کو ہاتھ نہ لگانے پر موبائل فون پر ایپ کے ذریعے کافی کا کوپن ملے گا۔ فوٹو؛ فائل

100 کلومیٹرتک ڈرائیونگ کے دوران فون کو ہاتھ نہ لگانے پر موبائل فون پر ایپ کے ذریعے کافی کا کوپن ملے گا۔ فوٹو؛ فائل

ٹوکیو: جاپان میں ڈرائیونگ کے دوران فون استعمال کرنے سے حادثات بڑھ رہے ہیں اور اس کے تدارک کے لیے اب ایک ایسی ایپ بنائی گئی ہے جو ڈرائیوروں کو فون استعمال نہ کرنے کے انعام کے طور پر مفت کافی کے کوپن فراہم کرتی ہے۔

جاپان میں آئی چے کے علاقے میں اگر کوئی ڈرائیور مسلسل یا وقفے میں فون استعمال کیے بغیر 100 کلومیٹر تک کار چلاتا ہے تو وہ مفت کافی کا حقدار ٹھہرتا ہے اور اسے کافی کے کوپن فراہم کیے جاتے ہیں۔ اس علاقے میں ٹریفک حادثات کی شرح بہت بلند ہے۔ گزشتہ برس 443,691 روڈ حادثات ہوئے جن میں کئی لوگ ہلاک اور معذور ہوئے جب کہ 50 ہزار سے زائد افراد کو گرفتار بھی کیا گیا اور یہ سب گرفتاریاں دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے پر کی گئی تھیں۔

تین جاپانی کمپنیوں جن میں ٹویوٹا موٹر، کومیڈا کمپنی اور کے ڈی ڈی آئی کافی  نے مل کر ایک ایپ بنائی ہے جو جی پی ایس کے ذریعے دورانِ ڈرائیونگ فون استعمال کرنے یا نہ کرنے کے عمل کو نوٹ کرتی رہتی ہے۔ اس طرح ایپ حساب لگاتی ہے کہ ڈرائیونگ میں فون استعمال کیا گیا ہے یا نہیں۔ جیسے ہی آپ فون چھوئے بغیر 100 کلومیٹر کا سفر کرلیتے ہیں کمپنی آپ کو مفت کافی کا کوپن دیتی ہے۔

روڈ سیفٹی کے ماہرین کے مطابق یہ ایک اچھا عمل ہے اور بہت سے لوگوں نے یہ ایپ ڈاؤن لوڈ کی ہے اور مفت کافی حاصل کرنے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔ یہ کوپن مقررہ فاصلے کے بعد فون پر ازخود موصول ہوجاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔