انڈر18ہاکی ایشیا کپ ؛ پاکستان نے چائنیزتائپے کو6 گول سے زیرکرلیا

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 25 ستمبر 2016
عدیل لطیف نے2 بار گیند کو جال میں پہنچایا،بنگلہ دیش نے بھارت کو5-4 سے ہرا کرنئی تاریخ رقم کردی، چین بھی ہانگ کانگ کیخلاف فتح سے ہمکنار فوٹو: فائل

عدیل لطیف نے2 بار گیند کو جال میں پہنچایا،بنگلہ دیش نے بھارت کو5-4 سے ہرا کرنئی تاریخ رقم کردی، چین بھی ہانگ کانگ کیخلاف فتح سے ہمکنار فوٹو: فائل

 لاہور:  پاکستان نے انڈر18 ایشیا ہاکی کپ میں چائنیز تائپے کو یکطرفہ مقابلے میں6-1 سے زیر کرلیا،عدیل لطیف نے 2 بار گیند کو جال میں پھینکا جبکہ امجد خان، احمد ندیم، شاہ زیب اور وقار نے ایک، ایک گول بنایا، بنگلہ دیش نے بھارت کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں5-4 سے کامیابی سمیٹ کر نئی تاریخ رقم کر دی، اشرف الاسلام نے ہیٹ ٹرک سمیت4گول کر کے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔

چین نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہانگ کانگ کو صفر کے مقابلے میں6گول سے ہرا دیا۔موصولہ اطلاعات کے مطابق انڈر18ایشیا ہاکی کپ کا باقاعدہ آغاز بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں ہوگیا، افتتاحی روز مجموعی طور پر3 میچزکا فیصلہ ہوا، پاکستان نے چائنیز تائپے کو تمام شعبوں میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ایک کے مقابلے میں6گول سے زیر کیا، مولانا بھاشانی نیشنل ہاکی اسٹیڈیم ڈھاکا میں میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا جس کی وجہ سے گیم میں خاصی تیزی دیکھنے کو ملی۔

پاکستانی ٹیم ابتدا میں ہی گول کرنے میں کامیاب ہو گئی،خسارے میں جانے کے بعد حریف ٹیم نے بھی عمدہ کم بیک کیا اور گیند کو جال میں پھینک کر اسکور1-1سے برابر کر دیا، پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں پاکستانی ٹیم نے ایک بار پھر گیند کو جال کے اندر پھینک کر اسکور2-1کر دیا، دوسرے ہاف میں قومی سائیڈ نے انتہائی عمدہ کھیل پیش کیا اور35منٹ کے کھیل میں مجموعی طور پر 4گول داغے، عدیل لطیف سب سے کامیاب کھلاڑی رہے، انھوں نے2بار گیند کو جال کے اندر پھینکا جبکہ امجد خان، احمد ندیم، شاہ زیب اور وقار نے ایک، ایک گول کیا، پاکستانی ٹیم ایونٹ کے دوسرے مقابلے میں اتوار کو چین کیخلاف ایکشن میں دکھائی دے گی۔

دوسرے میچ میں بنگلہ دیش نے دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت کو 4کے مقابلے میں5 گول سے اپ سیٹ شکست دے کر نئی تاریخ رقم کی، اشرف الاسلام میچ کے ہیرو قرار پائے، انھوں نے ہیٹ ٹرک سمیت4 بار گیند کو جال کے اندر پھینکا جبکہ فضل حسین ربی نے1گول کیا،53 ویں منٹ تک مقابلہ 4-4 گول سے برابر تھا تاہم اشرف الاسلام نے پنالٹی کارنر پر ایک اور گول کر کے بازی بنگلہ دیش کے نام کر دی۔

واضح ر ہے کہ تاریخ میں پہلی بار بنگلہ دیش کی انڈر 18 ٹیم بھارت کیخلاف کسی انٹرنیشنل مقابلے میں کامیاب رہی ہے، اس سے قبل 2004 میں ڈھاکا ہی میں شیڈول انڈر21 چیلنج ہاکی کپ میں بنگلہ دیش نے بلیو شرٹس کو ہرایا تھا، بنگلہ دیش اپنا اگلا میچ منگل کو اومانی ٹیم کے خلاف کھیلے گا جبکہ بھارت کا مقابلہ اتوار کو اومان کے ساتھ ہوگا، ایک اور میچ میں چین نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہانگ کانگ کو صفر کے مقابلے میں 6 گول سے ہرا دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔