رائیونڈ مارچ والے بیٹھیں رہ جائیں گے اور وزیر اعظم ہیلی کاپٹر پر آتے جاتے رہیں گے، خورشید شاہ

ویب ڈیسک  اتوار 25 ستمبر 2016

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں احتجاج کی کوئی قدر نہیں رائیونڈ مارچ والے سڑکوں پر بیٹھے رہیں گے اور وزیراعظم ہیلی کاپٹر پر آتے جاتے رہیں گے۔

سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف سید خورشید کا کہنا تھا کہ ترقی یافتہ ممالک میں مظاہرین کو اپنے احتجاج کا مقصد معلوم ہوتا ہے وہ اپنے ملک کی حکومت کو سوچنے پر مجبور کردیتے ہیں لیکن پاکستان میں احتجاج کی کوئی قدر نہیں، ترقی یافتہ ممالک میں مظاہروں اور احتجاج کا اثر بھی ہوتا ہے۔ یہاں پاناما لیکس ہو یا کوئی لیکس کوئی بھی اسے حقیقت میں تبدیل کرنے کو تیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کرپشن کی کھلی کتاب ہے لیکن ہر شخص پاناما لیکس کو نظر انداز کررہاہے اس معاملے پر حکومت کی ضد برقرار ہے اگر احتساب نہ ہوا تو پھر واضح ہوجائے گا کہ دال میں کچھ کالا ہے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف رائیونڈ مارچ سے کچھ حاصل نہیں ہوگا احتجاج کرنے والے سڑکوں پر بیٹھے رہیں گے اور وزیر اعظم نواز شریف ہیلی کاپٹر پر انہیں  پھلانگ کر آتے جاتے رہیں گے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ملک میں سب سے بڑا چیلنج کرپشن ہے کرپشن ختم ہوجائے تو ملک سے غربت کا باآسانی خاتمہ کیا جاسکتا ہے لیکن یہاں لوگ صحت کارڈ تقسیم کروانے کے لئے تقریبات کا انعقاد کرتے ہیں اور اربوں روپے کرپشن کی نذر ہوجاتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔