ایم کیوایم کا کوئی بھی قیدی غیرقانونی طور پر قید نہیں، وزیراعلیٰ سندھ

ویب ڈیسک  اتوار 25 ستمبر 2016
رینجرز ہو یا کوئی ادارہ آئین کے تحت صوبے کے ماتحت ہے، وزیراعلیٰ سندھ فوٹو: فائل

رینجرز ہو یا کوئی ادارہ آئین کے تحت صوبے کے ماتحت ہے، وزیراعلیٰ سندھ فوٹو: فائل

 کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم کا کوئی بھی قیدی غیرقانونی طور پر قید نہیں ہے تاہم جو بے گناہ ہوگا اسے رہا کیا جائے گا جب کہ وسیم اختر اگر بے قصور ہوئے تو عدالت چھوڑ دے گی۔

کراچی میں عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کا کوئی بھی قیدی غیرقانونی طور پر قید نہیں  تاہم جو بے گناہ ہوگا اسے رہا کیا جائے گا جب کہ جو بھی آئین اور قانون کو چیلنج کرے گا اس کو گرفتار کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ صرف ہر جمہوری جماعت کے ساتھ ملک کی مضبوطی کے لیے چلنے کے لیے تیار ہیں بلکہ آئین، قانون اور جمہوریت کو تسلیم کرنے والی ہر جماعت کے ساتھ کام کریں گے، وسیم اخترمنتخب میئرہیں اور ان کے حوالے سے فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے اور اگر وہ بے قصور ہوئے تو عدالت چھوڑ دے گی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی شہر مین امن وامان کی صورتحال بہتر کرنے کے لیے کوشاں ہیں، رینجرز ہو یا کوئی ادارہ آئین کے تحت صوبے کے ماتحت ہے جب کہ نیب اپنی خواہشات پر کام نہ کرے، نیب کی کارروائی سے خوش نہیں اس لیےاینٹی کرپشن کو فعال کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائم علی شاہ مجھ سے سینیئر ہیں اور مجھ سے بہتر کام کرتے تھے جب کہ آئی جی سندھ سمیت کسی بھی وزیر کو تبدیل نہیں کیا جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔