2026 ایشین گیمز کی میزبانی جاپان کو مل گئی

اے ایف پی / اسپورٹس ڈیسک  پير 26 ستمبر 2016
اولمپک کونسل آف ایشیا نے رسمی منظوری دے دی، ناگویا کے میئر تاکاشی کاوامورا کا تفریح سے بھرپورگیمز منعقد کرنے کا وعدہ ۔ فوٹو: فائل

اولمپک کونسل آف ایشیا نے رسمی منظوری دے دی، ناگویا کے میئر تاکاشی کاوامورا کا تفریح سے بھرپورگیمز منعقد کرنے کا وعدہ ۔ فوٹو: فائل

دانانگ / ویتنام: جاپان کو ایک اور انٹرنیشنل ایونٹ کی میزبانی مل گئی، اتوار کو ایچی پریفیکچر اور دارالحکومت ناگویا کے2026ایشین گیمز کے میزبان ہونے کی اولمپک کونسل آف ایشیا (او سی اے) نے تصدیق کردی۔

ایچی پریفیکچر کے گورنر ہائیڈیاکی اوہمرا اور ناگویا سٹی کے میئرتاکاشی کاوامورا کی جانب سے او سی اے کی جنرل اسمبلی میں مشترکہ طور پرمیزبانی کی آفر پیش کرنے کے بعد ایشین کونسل نے رسمی طور پر میزبانی پر مہر تصدیق ثبت کردی۔

جنرل اسمبلی کا اجلاس حالیہ طور پر 5ویں ایشین بیچ گیمز کی میزبانی کرنے والے دانانگ میں ہوا، ایشیائی ادارے کو 2026گیمز کے انعقاد کے سلسلے میں فیصلہ2018میں لینا تھا تاہم اگلے8 برسوں میں اس خطے میں3اولمپکس ایونٹ کے انعقاد کے باعث جلدی فیصلہ کرلیا گیا،اس کی وجہ پرہجوم ایونٹس کے پیش نظرمیزبان کو پہلے سے تیاری کا موقع فراہم کرنا بھی ہے، جنوبی کوریا پہلے ہی ونٹراولمپکس کیلیے بطور میزبان اپنی خدمات فراہم کرنے کیلیے تیار ہے جو2018میں پائیون چانگ میں منعقد ہوگا، ٹوکیو 2020میں سمر اولمپکس کیلیے اپنے دروازے کھولے گا جبکہ اس کے بعد 2022 میں ونٹر گیمز کا بیجنگ میں انعقاد طے ہے۔

ہر چار سال بعد کھیلے جانے والے ایشین گیمز کے 2018 ایڈیشن کی میزبانی پہلے ہی انڈونیشیا کے شہروں جکارتا اور پالیمبینگ کو مشترکہ طور پر سونپی گئی ہے، مذکورہ ایونٹ کے2022ایڈیشن کا انعقاد چین کے شہر ہوانگزو میں ہونا ہے، ٹوکیو میں بھی اولمپک گیمز 2020میں دنیا بھر سے ایتھلیٹس شریک ہوں گے، جبکہ 2019 میں ملک رگبی ورلڈکپ کی میزبانی کریگا، اس کے علاوہ ایشین ونٹر گیمز 2017اور ورلڈ سوئمنگ چیمپئن شپ 2021بھی اسی کی سرزمین پر منعقد ہونگے، جاپان اس سے قبل دو بار 1958 ٹوکیو اور 1994ہیروشیما میں ایشین گیمز کی میزبانی کرچکا ہے،2026ایشین گیمز کے20ویں ایونٹ کی میزبانی ملک کے سپرد ہونے سے اگلی دہائی کے دوران جاپان ایک اور اہم ایونٹ کی میزبانی پانے میں کامیاب ہوا ہے، دریں اثنا ناگویا کے میئر تاکاشی کاوامورانے وعدہ کیا ہے کہ گیمز تفریح سے بھرپور ہونگے۔

انھوں نے اپنی بات کی تصدیق کیلیے جوش جذبات میں ایشین کونسل کی اسمبلی کو مشہور گلوکار ایلوس پریسلے کے گانے کے بول بھی سنا دیے، گیمز کے کامیاب انعقاد کے حوالے سے گورنر اور میئر دنوں نے جاپان کی مستحکم اکانومی اور جدید ٹیکنالوجی کا بھی حوالہ دیا جبکہ ملک کی جانب سے اہم اسپورٹس ایونٹس کے کامیابی سے انعقاد کو بھی یاد دلایا، جاپان کی طرف سے میزبانی کی پیشکش پر اسمبلی کے ربر اسٹیمپ کے بعد بولی دینے والے وفد اور او سی اے کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوئے، او سی اے کے صدر احمد ال فہد الصباح نے ویتنام میں ہونے والے اجلاس کے دوان اسمبلی کو بتایا کہ ہمارے اہم ایونٹ کا روڈ میپ اور اسپورٹس کلینڈر کافی مستحکم ہے، انھوں نے کہا کہ ایشیا کو بہت سارے انٹرنیشنل فیڈریشنزکیلیے بہت سارے انٹرنیشنل ایونٹس کی میزبانی کرنی ہے، اس لیے ہم اپنے مختلف ایونٹس کیلیے ایک مستحکم پروگرام کا انعقاد کرنا چاہتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔