پی پی 7 ٹیکسلا کے ضمنی انتخاب میں (ن) لیگ نے میدان مار لیا

ویب ڈیسک  پير 26 ستمبر 2016
مسلم لیگ (ن) کے عمرفاروق  نے 46 ہزار زائد جب کہ تحریک انصاف کے عمار صدیق نے 39 ہزار ووٹ لیے۔ فوٹو؛ فائل

مسلم لیگ (ن) کے عمرفاروق  نے 46 ہزار زائد جب کہ تحریک انصاف کے عمار صدیق نے 39 ہزار ووٹ لیے۔ فوٹو؛ فائل

ٹیکسلا: پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 7 ٹیکسلا میں ضمنی انتخاب میں غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار نے کامیابی حاصل کرلی۔

پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 7 ٹیکسلا کے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔ پی پی 7 ٹیکسلا میں رجسٹرڈ ایک لاکھ 95 ہزار 714 ووٹر کے لیے167 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے، جن میں سے 75 ٹیکسلا اور 92 راولپنڈی میں قائم کیے گئے تھے۔

ضمنی انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 5 امیدوار میدان میں تھے تاہم تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا جس کے بعد تمام پولنگ اسٹیشنوں کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے میدان مارلیا۔ مسلم لیگ (ن) کے عمر فاروق نے 46 ہزار 800 ووٹ حاصل کیے جب کہ تحریک انصاف کے عمار صدیق 39 ہزار 655 ووٹ لے سکے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے اپنی جماعت کے امیدوار کی کامیابی پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکسلا میں مسلم لیگ (ن) کی جیت حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے، عوام نے دھرنا اور احتجاجی سیاست ہمیشہ کے لیے دفن کردی، اپنی نشست ہارنے والے رویئے پر نظر ثانی کریں۔

واضح رہے کہ پی پی 7 ٹیکسلا کی نشست تحریک انصاف کے امیدوار محمد صدیق خان کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔