قومی کرکٹرزکے معاوضوں پرابتدائی مشاورت مکمل

اسپورٹس رپورٹر  منگل 27 ستمبر 2016
سرفرازکو اے کیٹیگری میں جگہ دینے پر اتفاق،عماد وسیم کی بھی ترقی ہو جائے گی فوٹو: اے ایف پی/ فائل

سرفرازکو اے کیٹیگری میں جگہ دینے پر اتفاق،عماد وسیم کی بھی ترقی ہو جائے گی فوٹو: اے ایف پی/ فائل

 لاہور: ٹوئنٹی20میں قومی ٹیم کی قیادت کرنے والے آل راؤنڈر شاہد آفریدی اور آف اسپنر سعید اجمل بورڈ سے ماہانہ بنیادوں پر لاکھوں روپے معاوضہ نہیں لے سکیں گے، ٹی20 ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو عمدہ کارکردگی کے صلے میں  اے کیٹیگری میں جگہ دینے پر اتفاق ہوا ہے۔

آل راؤنڈر عماد وسیم بھی ایک درجہ ترقی کے ساتھ بی کیٹیگری میں جگہ پائیں گے، محمد عامر، سہیل خان ، حسن علی، محمد نواز، شرجیل خان اور خالد لطیف بھی نئے کنٹریکٹ میں جگہ حاصل کریںگے۔ تفصیلات کے مطابق کھلاڑیوں کے ساتھ نئے معاہدے کرنے کیلیے پی سی بی کی سینٹرل کنٹریکٹ کمیٹی کا اجلاس گذشتہ روز ہوا جس میں پلیئرز کی فہرست اور معاوضوں کے حوالے سے ابتدائی مشاورت کی گئی، ذرائع کے مطابق  بورڈ کی جانب سے نیا سینٹرل کنٹریکٹ فٹنس مسائل سے دوچار اور کیریئر کے اختتام پر موجودکرکٹرز کے لیے بُری خبر لا رہا ہے، ابتدائی فہرست میں شاہدآفریدی اور سعید اجمل کا نام شامل نہیں کیا گیا،دونوں قومی ٹیم سے باہر اور واپسی کا امکان معدوم ہے۔

فواد عالم، حارث سہیل، عمر امین اور صہیب مقصود کے نام پر بھی سوالیہ نشان موجود تاہم  ٹوئنٹی20کپتان سرفراز احمد کے ستارے عروج پر ہیں، انھیں شاہد آفریدی کی جگہ اے کیٹیگری میں شامل کیا جا رہا ہے جبکہ آل راؤنڈر عماد وسیم بھی ایک درجہ ترقی کے ساتھ بی کیٹیگری میں جگہ پا رہے ہیں، محمد عامر، سہیل خان، حسن علی، محمد نواز، شرجیل خان اور خالد لطیف نئے کنٹریکٹ میں جگہ حاصل کرینگے، کمیٹی کھلاڑیوں کی فہرست جلد بورڈ کے حوالے کرے گی اور حتمی منظوری کے بعد اکتوبر کے پہلے ہفتے میں ناموں کا اعلان کر دیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔