اڑی حملے کے ثبوت پاکستانی ہائی کمشنر کے حوالے، عبدالباسط نے بے بنیاد قراردیدیا

ویب ڈیسک  منگل 27 ستمبر 2016
 اڑی حملے سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں  جب کہ بھارت کے الزامات مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کا ہتھکنڈا ہے،پاکستانی ہائی کمشنر فوٹو:فائل

اڑی حملے سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں جب کہ بھارت کے الزامات مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کا ہتھکنڈا ہے،پاکستانی ہائی کمشنر فوٹو:فائل

نئی دلی: بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت نے اڑی حملے سے متعلق  ثبوت پاکستانی ہائی کمشنر کے حوالے کردیئے جب کہ دوسری جانب عبدالباسط نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بغیر ٹھوس ثبوت الزام تراشی نہ کی جائے اوربھارتی الزامات مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کا ہتھکنڈا ہیں۔

ترجمان بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو دفتر خارجہ طلب کیا اور انہیں اڑی حملے کے سرحد پار سے متعلق شواہد پیش کیے۔ اس موقع پر پاکستانی ہائی کمشنر عبد الباسط نے بھارتی الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے اڑی حملے میں مبینہ سہولت کاروں سے متعلق معلومات شیئر کیں تاہم بھارت بغیر ٹھوس ثبوت کے الزام تراشی نہ کرے جب کہ پاکستان کے پاس مبینہ سہولت کاروں سے متعلق کوئی معلومات نہیں ہیں۔

اس خبر کوبھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی اڈے پر حملے میں 18 اہلکار ہلاک

عبدالباسط کا کہنا تھا کہ اڑی حملے سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں  جب کہ بھارت کے الزامات مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کا ہتھکنڈا ہے اور اگر بھارت اس کو حل کرنے میں سنجیدہ ہے تو عالمی تحقیقات سے کیوں بھاگ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں اس سے مزید مسائل پیدا ہوں گے جب کہ تمام علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کا حل صرف اور صرف مذاکرات سے ہی ممکن ہیں۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے بارہ مولا کے سیکٹر اڑی میں 18 ستمبر کو مسلح افراد کے حملے میں 18 فوجی مارے گئے تھے جس پر بھارت نے روایتی دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر  اس کا الزام پاکستان پر لگادیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔