2022 ورلڈ کپ، ایشین فٹبال چیف ٹیموں کی تعداد بڑھانے کے مخالف

اسپورٹس ڈیسک / اے ایف پی  بدھ 28 ستمبر 2016
قطر میں ایسا کرنا جلد بازی ہوگا، ایک دہائی تک انتظار کرنا چاہیے( شیخ سلمان ) میگا ایونٹ کے دوران خیمہ بستی سجانے کا منصوبہ۔ فوٹو: فائل

قطر میں ایسا کرنا جلد بازی ہوگا، ایک دہائی تک انتظار کرنا چاہیے( شیخ سلمان ) میگا ایونٹ کے دوران خیمہ بستی سجانے کا منصوبہ۔ فوٹو: فائل

پاناجی / دوحا: اے ایف سی چیف نے قطر 2022 ورلڈ کپ میں ٹیموں کی تعداد 32 سے بڑھاکر 40 کیے جانے کی مخالفت کردی۔

ان کا کہنا ہے کہ قطر میں ایسا کرنا جلد بازی ہوگا اس کیلیے حکام کو ایک دہائی تک انتظار کرنا چاہیے، دوسری جانب قطرکی مقامی آرگنائزنگ کمیٹی نے میگا ایونٹ کے دوران’ خیمہ بستی‘ سجانے کا منصوبہ پیش کردیا، جس کا مقصد ورلڈ کپ کے موقع پر مہمان شائقین کو رہائشی سہولیات کی فراہمی ممکن بنانا بھی ہے۔

بھارتی شہر پاناجی میں میڈیا سے گفتگو میں ایشین فٹبال کنفیڈریشن ( اے ایف سی) چیف شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ نے کہا کہ قطر ورلڈ کپ میں ٹیموں کی تعداد 32 سے بڑھاکر40 کرنا جلد بازی ہوگا،انھوں نے کہا کہ ہم اس موقع پر ایونٹ کو وسیع کرنے کی مخالفت کرتے ہیں، ایونٹ میں مزید ٹیموں کی شمولیت مزید ایک دہائی تک موخر کردینی چاہیے، ماضی قریب میں فیفا صدر گیانی انفانٹینو یہ تجویز پیش کرچکے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ میرے خیال میں فیفا کو 2018 ( روس) اور 2022 (قطر) ورلڈ کپ کو بالکل نہیں چھیڑنا چاہیے، اگر انھیں ایونٹ کے فارمیٹ میں کوئی تبدیلی کرنی ہے تو وہ 2026 ورلڈ کپ سے کی جاسکتی ہے، انھوں نے کہا کہ ایشیا کیلیے ورلڈ کپ میں زیادہ ٹیموں کی شرکت کا موقع یقینی طور پر مثبت پیشرفت ہوگی۔

دوسری جانب 2022 میں فیفا ورلڈ کپ کے موقع پر قطر میزبانی کیلیے ’’خیمہ بستی‘‘ سجائے گا، جس کا مقصد میگا ایونٹ کے دوران غیرملکی سیاحوں کو ملکی ثقافت کے مطابق رہائشی سہولیات فراہم کرنا ہے، اس میں 2 ہزار افراد کے قیام کی گنجائش رکھی جائے گی اوراسے سعودی عرب کے قریب واقع سرحدی علاقے میں بنایا جائیگا۔

مقامی آرگنائزنگ کمیٹی کے عبدالعزیز الاموالاوی نے میڈیا کو بتایا کہ 2022 ورلڈ کپ کے موقع پر ریگستان میں خیمہ بستی بسائی جائیگی، جس سے رہائشی ضروریات کو پورا کیا جاسکے گا، ہم مہمان شائقین کو قطر کی ثقافت سے روشناس کرتے ہوئے بالکل نئے انداز میں فٹبال سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کریں گے، ہمارے پاس تمام طرح کے بجٹ رکھنے والوں کیلیے مناسب پلان ہوگا، ورلڈ کپ کے دوران 5 لاکھ شائقین کی قطر آمد کا اندازہ لگایا جارہا ہے، جس میں کچھ لوگ ملک میں موجود ہوٹل اور اپارٹمنٹس میں رہائش اختیار کرسکیں گے، 2010 میں بڈ کے موقع پر قطر کے حکام نے شائقین کیلیے 55 ہزار کمرے تیار کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن حکام نے جنوری میں کہا کہ اس وقت تک 46 ہزار کمرے تیار ہوپائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔