نوجوانوں نے کراچی کے مسائل کے ٹیکنالوجی سے بھرپور انوکھے حل پیش کردیئے

سہیل یوسف  بدھ 28 ستمبر 2016
کراچی کے طلبا و طالبات نے 4 اہم شعبوں کے لیے اپنی تخلیقات اور عملی آئیڈیاز پیش کیے۔ فوٹو: بشکریہ پی آئی ایف

کراچی کے طلبا و طالبات نے 4 اہم شعبوں کے لیے اپنی تخلیقات اور عملی آئیڈیاز پیش کیے۔ فوٹو: بشکریہ پی آئی ایف

کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے گونا گوں مسائل حل کرنے کے لیے جامعات اور مختلف اداروں کے طالبعلموں نے انوکھے اور قابلِ عمل حل پیش کیے جس میں ٹیکنالوجی کا خصوصی استعمال کیا گیا ہے۔

اس ضمن میں پاکستان انوویشن فاؤنڈیشن کے تحت 3 روزہ تقریب میں درجنوں طلبا و طالبات اور ان کے گروپ نے اپنی ایجادات، اختراعات اور معاشرے کو بہتر بنانے کے لیے قابلِ عمل خیالات پیش کیے ۔ مائی ’’کراچی انوویشن چیلنج‘‘ کے نام سے ہونے والے اس مقابلے کو 4 زمروں میں تقسیم کیا گیا تھا۔

’’ایجاد کر نقل نہ کر‘‘ کے نام سے اس مقابلے میں کراچی کے سوِک ہیکرز اور شہری اختراع گروں کو کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے اہم ایجادات اور طریقے پیش کرنے کی دعوت دی گئی تھی۔ مقابلے کو 4 کیٹیگری میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں اسمارٹ سٹی، کری ایٹوو ہیومن اسپیسس، ٹرسٹیڈ گورنمنٹ اور ڈو اٹ یورسیلف سٹیزن کے شامل ہیں۔ اس مقابلے کے لیے کراچی بھر سے نوجوان طلبا و طالبات نے اپنے اپنے پروجیکٹ پیش کیے تھے۔

مقابلے میں شریک مختلف ٹیمزنے ججوں کے سامنے اپنی آئیڈیاز پیش کیے اور اس کے بعد ججوں نے مختلف سوالات کیے جو اس اختراع یا خیال کے عملی پہلوؤں پر مبنی تھے۔

انعام یافتہ پروجیکٹس:

پاکستان انوویشن فاؤنڈیشن کی جانب سے جن پروجیکٹ کو مزید فنڈنگ کے لیے منتخب کیا گیا ان میں موبائل کتب خانہ، چسکا آن ویلز، ایروسنک اور پینٹاگون کو جیتنے والے پروجیکٹس قرار دیئے گئے۔ جب کہ مینٹ حب، ٹیم وی رپورٹ، اورا سیوویئرز اور گرین بلڈنگز کو رنر اپ کا اعزاز ملا۔ اختتامی تقریب میں سینیٹر شیری رحمان نے کامیاب طلبا و طالبات میں ایوارڈ تقسیم کیے۔

موبائل کتب خانہ کا مقصد یہ ہے کہ بچوں تک اختراعاتی انداز میں لائبریریاں پہنچائی جائیں اور ان میں مطالعے کا شوق پید کیا جائے۔

ٹیم چسکا اپنے نام سے ظاہر ہے کہ اس میں معذور افراد کے لیے خاص رکشہ ڈیزائن کیا جائے گا تاکہ وہ اس پر کھانے پینے کی اشیا فروخت کرکے باعزت روزگار ادا کرسکیں۔

ٹیم ایروسنک نے کراچی کے مصروف علاقوں میں عوامی بیت الخلا اور غسل خانے بنانے کا دلچسپ آئیڈیا پیش کیا۔

ٹیم پینٹاگون کا خیال ہے کہ کراچی کا کچرا ایک بڑا مسئلہ ہے جسے ٹھکانے لگانا ایک چیلنج ہے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ مختلف اقسام کے کوڑے کو الگ کرکے اسے استعمال یا تلف کیا جائے۔

اس موقع پر پاکستان انوویشن فاؤنڈیشن ( پی آئی ایف) کے بانی اور سی ای او اطہر اُسامہ بھی موجود تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔