آسٹریلیا نے بھی آئرش ٹیم کو تختہ مشق بنا لیا

اے ایف پی  بدھ 28 ستمبر 2016
عثمان خواجہ اور اسٹیون اسمتھ نے ٹیم کو واحد ون ڈے میں 9 وکٹ سے فتح دلادی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

عثمان خواجہ اور اسٹیون اسمتھ نے ٹیم کو واحد ون ڈے میں 9 وکٹ سے فتح دلادی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

بینونی: آسٹریلیا نے بھی آئرش ٹیم کو تختہ مشق بنا لیا، عثمان خواجہ اور اسٹیون اسمتھ نے اپنی ٹیم کو واحد ون ڈے میں 9 وکٹ سے فتح دلادی۔

199 رنز کا معمولی ہدف کینگروز نے ایک وکٹ کے نقصان پر تقریباً 20 اوورز قبل ہی حاصل کرلیا، عثمان 82 اور اسمتھ 59 رنز پرناٹ آؤٹ رہے، اس سے پہلے دووکٹ پر 121 رنز بنانے والی آئرلینڈ کی ٹیم 198 پر رخصت ہوگئی، ایڈم زامپانے 3 جبکہ جان ہیسٹنگز اور اسکاٹ بولینڈ نے2،2 وکٹیں لیں۔

تفصیلات کے مطابق آئرلینڈ کو بینونی میں تین دن کے دوران دوسری بڑی شکست کا منہ دیکھنا پڑا، اسی وینیو پر اتوار کو اسے میزبان جنوبی افریقہ سے 206 رنز سے مات ہوئی تھی جبکہ اب آسٹریلیا نے بھی 9 وکٹ سے ہرا دیا۔

199 رنز ہدف کے تعاقب میں ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے ٹیم کو 73 رنز کی بنیاد فراہم کردی، 30 بالز پر 48 رنز جڑنے کے بعد وارنر نے ٹم مورٹیگ کی سلو بال واپس ان کے ہاتھوں میں تھما دی، ڈیپ میں موجود پیٹر چیس نے عثمان کے 8 اور73 رنز پر کیچز ڈراپ کیے، دونوں مرتبہ مایوسی کا سامنا کرنے والے بولر بیری میک کارتھی تھے۔

عثمان نے82 اور اسمتھ نے59 رنز پرناٹ آؤٹ رہتے ہوئے ٹیم کو 30.1 اوورز میں ہدف تک پہنچا دیا۔ اس سے پہلے آئرلینڈ نے قدرے بہتر آغاز کرتے ہوئے 24 اوورز میں 2 وکٹ پر 121 رنز بنائے مگر پھر پوری ٹیم 198 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جان اینڈرسن 39، پال اسٹرلنگ 30 اور ولیم پورٹرفیلڈ 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔زامپا نے 3جبکہ ہیسٹنگز اور بولینڈ نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔