سلیکٹرز کو بھولے بسرے فواد عالم کی یاد آ ہی گئی

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 30 ستمبر 2016
ڈسپلنری وجوہات کے باعث باہراحمد شہزاد کو بھی صلاحیتوں کے اظہارکا موقع ملے گا۔ فوٹو: فائل

ڈسپلنری وجوہات کے باعث باہراحمد شہزاد کو بھی صلاحیتوں کے اظہارکا موقع ملے گا۔ فوٹو: فائل

لاہور:  ویسٹ انڈیز سے سہ روزہ ڈے اینڈ نائٹ میچ کے لیے پی سی بی پیٹرنز الیون کا اعلان کردیا گیا، سلیکٹرز کو بھولے بسرے فواد عالم کی یاد آ ہی گئی، وہ ٹیم کی قیادت کریں گے، آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی20 کے بعد سے کوئی انٹرنیشنل میچ نہ کھیل پانے والے اوپنر احمد شہزاد کو بھی صلاحیتوں کے اظہارکا موقع ملے گا۔

تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کے دورئہ یواے ای میں نائٹ ٹیسٹ سے نئی تاریخ رقم ہوگی،طویل فارمیٹ کی سیریز کا پہلامیچ 13سے 17اکتوبر تک دبئی اسٹیڈیم کی مصنوعی روشنیوں میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان اپنی ڈومیسٹک کرکٹ میں گلابی گیند سے چند میچز کا انعقاد کرچکا ہے، کوئی تجربہ نہ ہونے کی وجہ سے کیریبیئنز نے نائٹ ٹیسٹ پر تحفظات کا اظہار کیا تھا، جواب میں پی سی سی بی کی جانب سے اس نوعیت کا 3روزہ پریکٹس میچ شیڈول کیے جانے پر مہمان ٹیم نے رضامندی ظاہر کردی، یہ مقابلہ 7سے 9اکتوبر تک شارجہ میں ہوگا۔

انضمام الحق کی زیر سربراہی کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی نے ڈے نائٹ مقابلے کے لیے 13رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، قیادت فواد عالم کریں گے جنھیں ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ پرفارمنس کے باوجود طویل عرصے سے نظرانداز کیا جا رہا ہے، احمد شہزاد اور عمراکمل کو ورلڈ ٹوئنٹی20 کے بعد ڈسپلن وجوہات پر قومی ٹیموں کے لیے زیر غور نہیں لایا گیا تھا۔

معافی تلافی کے بعد وکٹ کیپر بیٹسمین تو ویسٹ انڈیز کیخلاف مختصر میچز کی سیریز میں شریک ہوئے اور ون ڈے اسکواڈ میں بھی جگہ بنا چکے ہیں، البتہ احمد شہزاد بدستور نظر انداز تھے، 3روزہ میچ میں اوپنر کو بھی صلاحیتیں منوانے کا موقع ملے گا، دیگر منتخب کرکٹرز میں شان مسعود، افتخار احمد، آصف ذاکر، اکبرالرحمان،عمران خان، جیند خان، محمد نواز، لیگ اسپنرز شاہ زیب احمد اور محمد عرفان شامل ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔