مردان ضلع کچہری پر حملے میں ملوث 5 دہشت گرد گرفتار

ویب ڈیسک  ہفتہ 1 اکتوبر 2016
گرفتاردہشت گردوں نے تفتیش کے دوران 4  حملوں کی منصوبہ بندی کا انکشاف کیا، ترجمان وزیر اعظم ہاؤس۔ فوٹو: فائل

گرفتاردہشت گردوں نے تفتیش کے دوران 4 حملوں کی منصوبہ بندی کا انکشاف کیا، ترجمان وزیر اعظم ہاؤس۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: ضلع کچہری میں ہونے والے دہشت گرد حملے میں ملوث 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق مردان حملے میں ملوث دہشت گردوں کی گرفتاری سے متعلق رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی گئی ہے جس کے مطابق حملے میں ملوث 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جنہوں نے تفتیش کے دوران 4 حملوں کی منصوبہ بندی کا انکشاف کیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: مردان ضلع کچہری میں خود کش حملہ

ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم نے انٹیلی جنس اداروں کی محنت اور کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کامیاب کارروائی پر مبارک باد دی جب کہ وزیر اعظم  نے کارروائی کو محفوظ پاکستان کی جانب ایک اور اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے منصوبے بے نقاب ہونے سے سینکڑوں قیمتی جانیں بچ گئیں۔

واضح رہے کہ 2 ستمبر کو مردان ضلع کچہری میں دہشت گردوں کے حملے میں 14 افراد شہید اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔