پاکستان نے دوسرے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کو شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی

ویب ڈیسک  اتوار 2 اکتوبر 2016
338 رنز کے تعاقب میں مہمان ٹیم مقررہ  اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 278 رنز بنا سکی۔ فوٹو: اے ایف پی

338 رنز کے تعاقب میں مہمان ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 278 رنز بنا سکی۔ فوٹو: اے ایف پی

شارجہ: پاکستان نے دوسرے ایک روزہ میچ میں بھی ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر تین میچز پر مشتمل سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی جب کہ مہمان ٹیم پر وائٹ واش کا خطرہ منڈلانے لگا ہے۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں میزبان پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے جس کے جواب میں مہمان ویسٹ انڈیز مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 278 رنز ہی بنا سکی۔ ہدف کے تعاقب میں کیربیئن ٹیم کی اوپننگ جوڑی نے ایک مرتبہ پھر ٹیم کو مایوس کیا اور 3 کے مجموعی اسکور پر جانسن چارلس 2 رنز بنانے کے بعد محمد عامر کی گیند پر عماد وسیم کو کیچ دے بیٹھے جس کے بعد بریتھ ویٹ اور ڈیرن براوو کے درمیان 89 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور ٹیم کا مجموعہ 92 تک پہنچا تو بریتھ ویٹ 39 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

مہمان ٹیم کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ڈیرن براوو نے سب سے زیادہ 61 اور مارلن سیموئلز نے 57 رنز بنائے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں دنیش رامدین نے 34، کارلوس بریتھ ویٹ نے 14 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 2 اور محمد عامر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں ایک مرتبہ پھر بہترین کارکردگی پیش کرنے پر بابراعظم کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا جنہوں نے مسلسل دوسرے میچ میں سنچری اسکور کی۔

اس سے قبل گرین شرٹس کے کپتان اظہرعلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کپتان اظہرعلی 40 کے مجموعی اسکور پر 9 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جب کہ دوسرے اوپنر شرجیل خان بھی 12 گیندوں پر ایک چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

گرافک بشکریہ: کرک انفو

دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد شعیب ملک اور بابراعظم نے ٹیم کو سنبھالتے ہوئے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 169 رنز کی مضبوط شراکت قائم کی جب کہ ٹیم کا مجموعی اسکور 209 تک پہنچا تو شعیب ملک 84 گیندوں پر 90 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ بابراعظم نے شاندار کھیل پیش کیا اور کیریئر کی دوسری سنچری اسکور کی، بابراعظم 282 کے مجموعی اسکور پرایک چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 126 گیندوں پر 123 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نے بھی جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 47 گیندوں پر 60 رنز اور محمد رضوان 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ مہمان ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر اور الزاری جوزیف نے 2،2 جب کہ سنیل نارائن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے اس سے قبل ویسٹ انڈیز کو تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی وائٹ واش کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔