کراچی میں پاک فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ شہید

ویب ڈیسک  منگل 18 اکتوبر 2016
حادثے کا شکار طیارے کو پاک فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر باقر علی اڑا رہے تھے فوٹو: فائل

حادثے کا شکار طیارے کو پاک فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر باقر علی اڑا رہے تھے فوٹو: فائل

 کراچی: پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ مسرور ایئر بیس کے قریب گر کر تباہ ہو گیا  جس کے نیتجے میں طیارے کا پائلٹ شہید ہوگیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے پرویز مشرف کالونی کے قریب پاک فضائیہ کا میراج طیارہ گر کر تباہ ہوگیا ہے،حادثے کا شکار طیارے کو پاک فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر باقر علی اڑا رہے تھے۔ حادثے کے بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ہیں جب کہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔

دوسری جانب ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق مسرور ایئر بیس کے قریب حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ تربیتی مشن پر تھا جب کہ جہاز گرنے سے کچھ لمحے پہلے ہی پائلٹ نے چھلانگ لگا دی تاہم سخت چوٹ آنے کی وجہ سے پائلٹ جام شہادت نوش کر گیا، ایئر ہیڈ کوارٹرز نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

ایس ایس سٹی کراچی کا کہنا ہے کہ تباہ ہونے والا میراج طیارہ پی اے ایف مسرور بیس سے ٹیک آف کےدوران گر کر تباہ ہوا۔ بظاہر حادثے کی وجہ فنی خرابی نظر آتی ہے تاہم طیارے سے متعلق مزید معلومات اکٹھا کی جارہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔