روس کی ننھی "ویسیلینا نٹزین" ہمت کی ایک لازوال مثال

ویب ڈیسک  منگل 18 اکتوبر 2016
ہاتھوں سے معذور باہمت  بچی کی وڈیو کو 10 لاکھ سے زائد افراد شئیر بھی کرچکے ہیں۔ فوٹو: فائل

ہاتھوں سے معذور باہمت بچی کی وڈیو کو 10 لاکھ سے زائد افراد شئیر بھی کرچکے ہیں۔ فوٹو: فائل

ماسکو: یہ ہم پر قدرت کا احسان ہے کہ اس نے ہمیں مکمل جسمانی اعضا کے ساتھ پیدا کیا جس پر اپنے رب کا جتنا بھی شکر ادا کریں کم ہے لیکن دنیا میں ایسے لوگوں کی بھی کمی نہیں جو کسی نہ کسی جسمانی معذوری کا شکار ہیں تاہم ان میں بعض افراد اسے اپنی مجبوری نہیں بناتے اوراس معذوری کا مردانہ وار مقا بلہ کرتے ہیں اورجب بات کسی بچے کی ہو تو پھر والدین کو اس کا بہت ہی خیال رکھنا پڑتا ہے لیکن روس کی یہ معصوم بچی جسمانی معذور ہونے کے باوجود اپنے والدین پر بوجھ نہیں بنتی۔

روس کی “ویسیلینا نٹزین”  عمر میں تو بہت چھوٹی ہے لیکن کوئی بھی اس کی ہمت کو داد دیئے بنا نہیں رہ سکتا۔ ویسیلینا  کی پیدائش بغیر ہاتھوں کے ہوئی لیکن اس کی ماں “ایلمیرا” نے اسے اس کی کمزوری نہ بننے دیا اوراس کے دونوں ہاتھ نہ ہونے کا احساس بھی ویسیلینا کونہیں ہونے دیا۔

ویسیلینا نٹزین کی ماں ایلمیرا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پرگزشتہ دنوں اپنی بیٹی  کی ایسی وڈیوڈالی کہ جس نے دیکھا وہ داد دیئے بنا نہ رہ سکا۔ وڈیو میں ویسیلینا نٹزین کو بغیر ہاتھوں مہارت سے کھاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے کہ ویسیلینا اپنے پیروں کی مدد سے کتنے آرام سے کھانا کھا رہی ہے۔ وڈیو میں ویسیلینا کو جب پہلی بار نوالہ لینے میں دکت پیش آئی  تو وہ اپنے دوسرے پیر کا استعمال کرتی ہے اور پھر با آسانی کھالیتی ہے۔

ویسیلینا کی اس وڈیو کو فیس بک پر اب تک  6 کروڑ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں جب کہ  وڈیو کو 10 لاکھ سے زائد افراد شئیر بھی کرچکے ہیں اور سوشل میڈیا پر لوگ ویسیلینا کو ایک باہمت اور پر اعتماد بچی کا خطاب دینے کے ساتھ  اس کے بہترین مستقبل کے لئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کررہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔