سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی صاحبزادی فضا بتول کے ورانٹ گرفتاری جاری

ویب ڈیسک  منگل 18 اکتوبر 2016
عدالتی حکم کی تعمیل نہ کرنے پر فضا بتول کو گرفتار کرنے کا حکم جاری کیا گیا ، فوٹو : فائل

عدالتی حکم کی تعمیل نہ کرنے پر فضا بتول کو گرفتار کرنے کا حکم جاری کیا گیا ، فوٹو : فائل

لاہور: عدالتی حکم کی تعمیل نہ کرنے پر سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی صاحبزادی فضا بتول کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئے گئےہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی صاحبزادی فضا بتول کے سابق شوہر خرم خان کی درخواست پر کیس کی سماعت ہوئی ۔ گارڈین کورٹ کے جج اویس ملک نے کیس کی سماعت کی ۔درخواست گزار خرم خان نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ عدالت کی جانب سے بار بار نوٹس جاری ہونے کے باوجود فضا بتول میرے بیٹے اسفندیارکوعدالت میں پیش نہیں کررہیں اورنا ہی خود حاضر ہورہی ہیں، جس پرعدالت  نے فضا بتول کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے پولیس کو متنبہ کیا ہے کہ آئندہ سماعت پر فضا بتول کو گرفتارکرکے ان کے بیٹے سمیت عدالت میں پیش کیا جائے اورعدالتی حکم پر عملدرآمد کرکے رپورٹ بھی پیش کی جائے۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی صاحبزادی فضا بتول کی 2008 میں اپنے شوہر خرم خان سے علیحدگی ہوگئی تھی جب کہ خرم خان نے اپنے بیٹے اسفندریار کی حوالگی کے لئے گارڈین کورٹ میں درخواست دائر کررکھی ہے.



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔