اسپین میں 62 سالہ خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش

ویب ڈیسک  جمعرات 20 اکتوبر 2016
وہ خواتین جو زیادہ عمر میں بھی بچے پیدا کر نا چاہتی ہیں انہیں کسی سے بھی خوفزدہ نہیں ہونا چاہیئے، الواریز: فوٹو: فائل

وہ خواتین جو زیادہ عمر میں بھی بچے پیدا کر نا چاہتی ہیں انہیں کسی سے بھی خوفزدہ نہیں ہونا چاہیئے، الواریز: فوٹو: فائل

لوگو: اسپین کے شہر لوگو کے اسپتال میں 62 سالہ خاتون نے بیٹی کو جنم دیا ہے جس پر وہ بے انتہا خوش ہے۔

اسپین کے شہر لوگو کے اسپتال میں 62 سالہ خاتون لینا الواریز کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔ الواریز پہلے سے ایک 27 سالہ بیٹے اور 10 سالہ بیٹی کی ماں ہیں جب کہ یہ نوزائیدہ بیٹی ان کی تیسری اولاد ہے۔ بیٹی کی پیدائش کے بعد وہ خود اسے اسپتال سے باہر لے کر آئیں جہاں صحافی ان کا انتظار کر رہے تھے۔

اس خبر کو بھی پڑھین: جرمنی میں 65 سالہ خاتون نے 4 بچوں کو جنم دے دیا

الواریز کے ہاں صرف پہلے بچے کی ولادت معمول کے مطابق ہوئی تھی لیکن وہ پیدائشی طور پر اعصابی کمزوری کا شکار تھا۔ اس کے 17 سال بعد ’’آئی وی ایف‘‘ یعنی ’’ٹیسٹ ٹیوب بےبی‘‘ کی تکنیک سے ان کے ہاں ایک بیٹی کی ولادت ہوئی جب کہ 62 سال کی عمر میں بھی وہ آئی وی ایف ہی کی بدولت ماں بنی ہیں۔

لینا الواریز کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی کی پیدائش میں کوئی مشکل پیش نہیں آئی اور وہ اس عمر میں بھی تیسرے بچے کی پیدائش پر بے حد خوش ہیں۔ الواریز نے کہا کہ وہ خواتین جو زیادہ عمر میں بھی بچے پیدا کرنا چاہتی ہیں انہیں کسی سے بھی خوفزدہ نہیں ہونا چاہئے بلکہ ٹیسٹ ٹیوب بےبی کی تکنیک سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔